پنجاب میں میڈیکل ، ڈینٹل اور نرسنگ کالجز بھی بند 

پنجاب میں میڈیکل ، ڈینٹل اور نرسنگ کالجز بھی بند 
کیپشن: پنجاب میں میڈیکل ، ڈینٹل اور نرسنگ کالجز بھی بند 
سورس: file

لاہور : محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ  کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب  نے کورونا کیسزبڑھنے پر سرکاری و نجی میڈیکل یونیورسٹیاں، کالج ،ڈینٹل کالجز ، نرسنگ اسکول ،کالج ،پیرا میڈیکل ،الائیڈ سائنسز اسکول و کالجز کو   11اپریل تک بند کرنے کا اعلان کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق  ان اداروں کا وہ اسٹاف اور فیکلٹی جو ہسپتالوں اور کلینکس میں طبی خدمات انجام دے رہے ہیں وہ معمول کے مطابق ڈیوتی پر حاضر ہوں گے۔ 

ایسا عملہ اور فیکلٹی ممبران جو ہسپتالوں اور کلینکس میں ڈیوٹی انجام نہیں دے رہے وہ اپنی ڈیوٹی  یا چھٹی پر رہنے سے متعلق پرنسپل یا وائس چانسلر کی ہدایات پر عمل کریں گے۔

 نوٹیفکیشن کے مطابق نرسنگ سکولوں کی ایسی طالبات جو ہسپتالوں اور کلینکس پر طبی خدمات انجام دے رہی ہیں وہ معمول کے مطابق اپنی ڈیوٹی جاری رکھیں گی ۔ درس و تدریس 11اپریل تک معطل رہے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر نے تباہی مچادی ہے۔  24 گھنٹے میں 41 افراد انتقال گئے ۔ 4525 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ مثبت کیسز کی شرح 11.2 فیصد سے بڑھ گئی ۔ 

این سی او سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹے کے دوران عالمی وبا کورونا وائرس سے مزید 41 افراد انتقال کر گئے۔ کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 14ہزار256 ہوگئی۔

24 گھنٹے کےدوران 4525 کیسز رپورٹ ہوئے۔ کیسز کی مجموعی تعداد  6 لاکھ 59 ہزار 116 ہوگئی۔2268 افراد صحت یاب ہوئے۔ اب تک صحت یاب ہونے والوں کی تعداد  5  لاکھ  98 ہزار 198 ہوگئی ہے۔

ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 45 ہزار 663 تک پہنچ گئی ہے جن میں 3 ہزار 55 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ تشویشناک مریضوں میں سے 12 گزشتہ روز ہسپتالوں میں داخل ہوئے۔