لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں آج سے لاک ڈاؤن پر غور

لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں آج سے لاک ڈاؤن پر غور
کیپشن: لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں آج سے لاک ڈاؤن
سورس: file

لاہور : ملک بھر خصوصاً پنجاب کے بڑے شہروں میں کورونا کی تیسری لہر نے تباہی مچادی ہے۔ کورونا کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ لاہور میں کیسز مثبت آنے کی شرح 23 فیصد سے بھی زائد ہوگئی جس پر لاہور سمیت بڑے شہروں میں آج سے لاک ڈاؤن پر غور کیا جا رہا ہے۔ لاک ڈاؤن کا اعلان وزیر اعلیٰ پنجاب کریں گے۔ 

پنجاب کے 9 بڑے شہروں میں برطانیہ سے آنے والا وائرس خطرناک حد تک پھیل گیا ہے ۔ سمارٹ لاک ڈاؤن کی ناکامی پر پنجاب حکومت لاہور سمیت بڑے شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن پر غور کر رہی ہے۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ سمارٹ لاک ڈاؤن لاہور اور دیگر شہروں میں موثر نہیں رہا ۔ عوام ایس او پیز پر عمل نہیں کر رہے ہیں ۔ مجبوراً حکومت مکمل لاک ڈاؤن پر غور کر رہی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ میں بھی سیٹس 50 فیصد کم کی جا رہی ہیں۔ لاک ڈاؤن اور مارکیٹس کھولنے یا بند کرنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ آج ہوگا اور اعلان وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار خود کریں گے۔ 

پنجاب کے سیکرٹری صحت نبیل اعوان کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت نے پنجاب حکومت کو بڑے شہروں میں 10 سے 14 دن کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز دی ہے۔ برطانوی وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔  

انہوں نے کہا کہ لوگوں کا 10 سے 14 دن کے لیے میل ملاپ بند ہوگا تو اس سے صورتحال میں بہتری آئے گی۔ ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی کمی دور کرنے کے لیے لاہور کے میو ، جناح اور سروسز ہسپتالوں میں مزید وینٹی لیٹرز فراہم کردیے گئے ہیں جبکہ پی کے ایل آئی میں بھی وینٹی لیٹرز فراہم کر رہے ہیں۔ 

چار بڑے شہروں میں وینٹی لیٹرز پر موجود مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے ملتان میں 72 فیصد ،لاہور 57 ،گوجرانوالہ 60 جبکہ اسلام آباد میں 62 فیصد مریض ہیں ۔