چینی کے سٹہ بازوں کے خلاف گھیرا تنگ ، ایف آئی اے نے کل بلالیا

چینی کے سٹہ بازوں کے خلاف گھیرا تنگ ، ایف آئی اے نے کل بلالیا
کیپشن: چینی کے سٹہ بازوں کے خلاف گھیرا تنگ ، ایف آئی اے نے کل بلالیا
سورس: file

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے  نے چینی کے سٹہ بازوں کو کل  بلالیا۔ انہیں اکائونٹس، اثاثوں، ٹی ٹیز، ایمنسٹی ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام کی جیبوں سے 110 ارب روپے نکالنے والے سٹہ مافیا کو طلبی نوٹس پر متنبہ کیا گیا ہے کہ عدم حاضری، عدم تعاون کی صورت میں گرفتاری کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایف بی آر، بینکس،منی چینجرز سے بھی ریکارڈ طلب کیا ہے۔  کراچی میں شوگر سٹہ مافیا کے 7 بروکرز کو گرفتار کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے نے 40 شوگر سٹہ بازوں کو طلبی کے نوٹسز جاری کردیے۔ ملزموں کو مکمل دستاویزات کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے مکمل چھان بین کے بعد شریف ، شمیم، کنجوانی گروپ کے اسلم بھلی کو 30 مارچ کو مکمل دستاویزات کے ساتھ طلب کرلیا ہے اسی طرح جے ڈی ڈبلیو کے ملک عباد کو بھی تیس مارچ کا بلاوا بھیج دیا ہے۔

ذرائع ایف آئی اے کے مطابق جےڈی ڈبلیو کے ملک ماجد کو اکتیس مارچ کو طلب کیا ہے اسی روز مستنصر گوگی ، رمضان و العربیہ شوگر گروپ کو بلاوے کا نوٹس جاری کیا ہے۔ شیخ عامر ،چوہدری شوگر گروپ کو یکم اپریل کو طلب کیا گیا ہے جبکہ آر وائی کے شوگر گروپ کے اسد بھایا کو بھی دو اپریل کو ایف آئی اے لاہور میں طلب کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شوگر سٹہ مافیا ارکان کو تیس مارچ کیلئے ایف آئی اے لاہور آفس میں طلبی کے نوٹس بھی جاری کئے گئے ہیں اس کے علاوہ ایف آئی اے نے ایف بی آر، بینکس،منی چینجرز سے بھی ریکارڈ طلب کیا ہے۔

ایف آئی اے نے واضح کیا کہ ایف بی آر، ایمنیسٹی میں ظاہر فیملی، بےنامی اثاثہ جات کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ شوگر سٹہ بازوں کو ایک سال میں اندرون ،بیرون ملک کی ٹی ٹیز کی فہرست لانے کا حکم دیا گیا ہے طلبی نوٹس پر انہیں متنبہ کیا گیا ہے کہ عدم حاضری ،عدم تعاون کی صورت میں گرفتاری کا سامنا کرنا پڑے گا۔

 ادھر ایف آئی نے شوگر سٹہ مافیا کے خلاف کریک ڈائون شروع کردیا ہے۔ کراچی کے اطراف میں شوگر سٹہ مافیا کی سرگرمیوں کے بارے میں مصدقہ ذرائع سے آگاہی کے نتیجے میں ایف آئی اے، کمرشل بینک سرکل کراچی کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر فہد خواجہ کی نگرانی میں چھاپے مارے گئے۔

 کارروائی کے دوران7 بروکر دیال داس، سنتوش کمار اور راج کمارسمیت دیگر کوگرفتارکرلیاگیاہے۔ساتوں ملزمان شوگر سٹہ مافیا میں ملوث ہیں، ملزمان نے مجرمانہ کارروائیوں کیلیے سوشل میڈیا فورمز اور جعلی بینک اکائونٹس کا استعمال کیا۔

ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ترجمان نے کہاکہ ملزمان کے خلاف ایف آئی اے سی بی سی کراچی نے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ الزام نمبر 04/2021 اور 05/2021 کی دو الگ الگ ایف آئی آر درج کی ہیں

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے بینک اکائونٹس منجمد اور دیگر دستاویزات ضبط کر لی گئی ہیں۔ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ، اکائونٹس چھپانے اور بے نامی اکائونٹس کی تحقیقات کی جارہی ہے۔