کورونا کی تیسری لہر ، حکومت پنجاب نے مزید پابندیاں لگادیں

کورونا کی تیسری لہر ، حکومت پنجاب نے مزید پابندیاں لگادیں
کیپشن: کورونا کی تیسری لہر ، حکومت پنجاب نے مزید پابندیاں لگادیں
سورس: file photo

لاہور ، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر بہت خطرنا ک ہے ، ہسپتالوں میں جگہ نہیں اگر احتیاط نہ کی تو حالات آوٹ آف کنٹرول ہوجائیں گے ۔ 

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری، کنسٹرکشن، گڈز ٹرانسپورٹ میں معمول کے مطابق کام ہوگا، یکم سے 11 اپریل تک 12 فیصد شرح والے شہروں میں مؤثر لاک ڈاؤن ہوگا، پہلی تاریخ سے شادی اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی، ان ڈور اور آؤٹ ڈور تقریبات نہیں ہوسکیں گی، سیاسی، سماجی، ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر بندش ہوگی، میٹرو اور اورنج ٹرین نہیں چلے گی، دکانیں شام چھ بجے بند ہوں گی، ہفتے میں دو دن کاروبار نہیں ہوگا۔

 دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 41 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 256 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 59 ہزار 116 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 525 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 15 ہزار 227، سندھ میں 2 لاکھ 64 ہزار 889، خیبر پختونخوا میں 85 ہزار 531، بلوچستان میں 19 ہزار 525، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 10، اسلام آباد میں 56 ہزار 450 جبکہ آزاد کشمیر میں 12 ہزار 484 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ ایک لاکھ 7 ہزار 95 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 40 ہزار 369 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 98 ہزار 197 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 55 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 41 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہزار 256 ہوگئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 246، سندھ میں 4 ہزار 491، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 301، اسلام آباد میں 561، بلوچستان میں 206، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 348 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔