کورونا وائرس کا پھیلاﺅ، پنجاب یونیورسٹی نے ہر طرح کے امتحانات ملتوی کر دئیے

کورونا وائرس کا پھیلاﺅ، پنجاب یونیورسٹی نے ہر طرح کے امتحانات ملتوی کر دئیے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پنجاب یونیورسٹی نے صوبہ پنجاب میں عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر تمام امتحانات ملتوی کر دئیے ہیں جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ 
یونیورسٹی کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کے 30 مارچ سے شروع ہونے والے تمام تحریری اور تجرباتی امتحانات ملتوی کر دئیے گئے ہیں جبکہ نئی تاریخ کا اعلان امتحانات سے دو ہفتے قبل کر دیا جائے گا۔ 
واضح رہے کہ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے یکم اپریل سے نئی پابندیاں عائد کرنے کے اعلان کے بعد کیا گیا۔ کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق ہونے والی کابینہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کورونا وائرس کے باعث معاشی سرگرمیاں بند نہیں کر سکتی۔ 
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے وضع کردہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں کیونکہ ہم بڑی تعداد میں عوام کی جانب سے ان ہدایات پر عمل کئے بغیر کورونا وائرس پر قابو نہیں پا سکتے۔