امریکا میں پاکستانی ڈرائیور کی دوکارچورلڑکیوں کے ہاتھوں موت ہوگئی

امریکا میں پاکستانی ڈرائیور کی دوکارچورلڑکیوں کے ہاتھوں موت ہوگئی
سورس: file photo

واشنگٹن،امریکا میں پاکستانی ڈرائیور کی بے دردی سے موت  ہوگئی  ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے دوکم عمر کارچور لڑکیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق  امریکی ریاست واشنگٹن میں 66 سالہ پاکستانی ڈرائیور محمد انور فوڈ ڈلیوری کا کام کرتے تھے ۔وہ ایک آرڈر کی سپلائی کے لئے جارہے تھے کہ 13 اور 15 سالہ دو لڑکیوں نے ان کو الیکٹرک ڈیوائس ( ٹیزر ) کی مدد سے وقتی طورپر مفلوج کردیا ۔ 

محمد انور ٹیزر کی وجہ سے وقتی مفلوج تو ہوئے لیکن وہ  آخری حد تک مزاحمت کرتے رہے اس دوران ایک لڑکی ان کی گاڑی میں بیٹھ گئی اورگاڑی چلا کر محمد انور کو گاڑی سے باہر نکالنے کی کوشش کی لیکن گاڑی فٹ پاتھ سے ٹکرا کر الٹ گئی اور محمد انور  کا سر فٹ پاتھ پر لگنے سے ان کی موت واقع ہوگئی ۔

پولیس نے دونوں لڑکیوں کو موقع پر ہی حراست میں لے لیا  اور چارج شیٹ کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جہاں دونوں لڑکیوں  پر کار چرانے اور قتل کی دفعات کے تحت فرد جرم عائد کردی گئی۔

واضح رہے کہ امریکا اوریورپ میں  ٹیزر کے ساتھ وقتی طورپر مفلوج کرکے گاڑی چھیننے اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ ٹیزر ایک ایسی الیکٹرک ڈیوائس ہوتی ہے جس سے کسی بھی شخص کو مقرر کردہ چند لمحوں کے لیے مفلوج کردیا جاتا ہے ۔