'اقوام عالم سورش زدہ علاقوں میں تنازعات کے پر امن حل کو یقینی بنائے'

'اقوام عالم سورش زدہ علاقوں میں تنازعات کے پر امن حل کو یقینی بنائے'

 واشنگٹن: سلامتی کونسل میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے مباحثے سے خطاب کے دوران کہا پاکستان دنیا میں قیام امن کیلئے کئے گئے اقدامات کی حمایت کرتا ہے تاہم اقوام عالم سورش زدہ علاقوں میں تنازعات کے پر امن حل کو یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ مسلح تصادم کے واقعات پر قابو پانے میں ہی شہریوں کے تحفظ کا حصول ممکن ہے۔ اقوام عالم سورش زدہ علاقوں میں بنیادی اسباب کو معلوم کر کے تنازعات کے پر امن حل کو یقینی بنائے۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاک فوج نے امن مشن کے تحت کانگو، ڈارفر اور لائبیریا میں خدمات سرانجام دیں۔ پاکستان کو دنیا کے امن مشن میں فعال کردار ادا کرنے پر فخر ہے۔ ملیحہ لودھی نے دنیا میں تنازعات کے باعث نقل مکانی کرنے والوں کی امداد پر بھی زور دیا۔

یاد رہے  ملیحہ لودھی نے (2015) فروری میں اقوام متحدہ میں مستقل مندوب کی ذمہ داریاں سنبھالیں تھیں۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی اقوام متحدہ میں پاکستان کی پہلی خاتون مستقل مندوب ہوں گی۔ وہ امریکہ میں پاکستانی سفیر اور برطانیہ میں ہائی کمشنر بھی رہ چکی ہیں۔

انہوں نے امریکہ میں پاکستان کی سفیر کی حیثیت سے 1993 سے 1996 اور 1999 سے 2002 تک خدمات انجام دی ہیں جبکہ وہ 2003 سے 2008 برطانیہ میں پاکستان کی ہائی کمشنر رہی ہیں۔ ملیحہ لودھی جنوبی ایشیا کی پہلی خاتون ہیں جو کسی اخبار کی ایڈیٹر رہی ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں