یمن، قومی فوج اور عرب اتحاد کی انجینئرنگ ٹیموں نے 1500 بارودی سرنگیں تباہ کر دیں

یمن، قومی فوج اور عرب اتحاد کی انجینئرنگ ٹیموں نے 1500 بارودی سرنگیں تباہ کر دیں

صنعاء: یمن میں قومی فوج اور عرب اتحاد کی انجینئرنگ ٹیموں نے حوثی باغیوں کی طرف سے بچھائی گئی 1500 بارودی سرنگیں تباہ کردیں۔

غیر ملکی میڈیاکےمطابق یمن کی قومی فوج اور عرب اتحاد کی انجینئرنگ ٹیموں نے حجہ گورنری میں واقع علاقے میدی میں قریبا1500 بارودی سرنگیں تباہ کردی ہیں۔یمنی فوج کے پانچویں ملٹری ریجن کے میڈیا سنٹر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حوثی ملیشیا اور معزول صدر علی عبداللہ صالح کے وفادار جنگجوں نے مختلف مقاصد کے لیے یہ بارودی سرنگیں بچھا رکھی تھیں۔

انھوں نے نظامت کے آس پاس کے علاقوں ،فارموں اور شاہراہوں پر بھی یہ بارودی سرنگیں نصب کر رکھی تھیں۔انجینئرنگ ٹیموں نے ان بارودی سرنگوں کو تلف یا تباہ کردیا ہے کیونکہ ان سے عام شہریوں کی زندگیوں کے لیے خطرات پیدا ہوگئے تھے اور وہی ان کا ہدف بن رہے تھے۔ یمنی فوج کی انجینئرنگ ٹیموں کی بارودی سرنگیں تلف کرنے کی یہ چھٹی بڑی کارروائی ہے۔

عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے دارالحکومت صنعا کے مشرق میں واقع علاقوں نم اور الحول میں حوثی ملیشیا اور معزول صدر علی عبداللہ صالح کے وفادار جنگجوں کے مختلف ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔ان محاذوں پر یمنی فوج اور حوثی باغیوں کے درمیان شدید جھڑپوں کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔

یمن کی قومی فوج نے سطح مرتفع پر واقع ارحب نظامت کے نزدیک تزویراتی اہمیت کی حامل دو اہم جگہوں کو بھی بحال کردیا ہے۔