نواز شریف کوسبق سکھانے کیلئے مجھے کیس میں گھسیٹا گیا، مریم نواز

نواز شریف کوسبق سکھانے کیلئے مجھے کیس میں گھسیٹا گیا، مریم نواز
کیپشن: بیان مکمل کروانے کے بعد مریم نواز کے تہلکہ خیز انکشافات

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی رہنما اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے پنجاب ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا احتساب عدالت میں 127 سوالات کے جوابات دیے ہیں اور مجھ سے پوچھا گیا کہ آپ پر مقدمہ کیوں بنایا گیا؟۔ سپریم کورٹ کا جو پہلا فیصلہ آیا اس میں میرا کوئی ذکر نہیں تھا اور اچانک کیا ہوا کہ جے آئی ٹی نے مجھے بلایا اور سوالات کیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو سبق سکھانے کیلئے مجھے کیس میں گھسیٹا گیا کیونکہ ایک مائنڈ سیٹ ہے جو کہتا ہے آپ کو سبق سکھائیں گے۔ اپنے والد کی طرح جانتی ہوں مجھے اس مقدمے میں کیوں الجھایا گیا اور مجھے واٹس ایپ والی جے آئی ٹی میں پیش ہونا پڑا۔

مزید پڑھیں: مجھے نظر نہیں آتا کہ لوگ دھرنے دینے والوں کو ووٹ دیں گے، وزیراعظم

مریم نواز نے بتایا میں جانتی ہوں کہ یہ ریفرنس کیوں قائم کیے گئے اور 70 سے زائد پیشیاں بھگت چکی ہوں ابھی یہ سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان کی کسی ماں کسی بیٹی کو اتنی پیشیاں نہیں بھگتنی پڑیں اور میں نے بدعنوانی نہیں کی اور نہ ہی کسی سرکاری عہدے پر رہی۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف ووٹ کو عزت دلانے کے لیے جہاد پر نکلے ہیں اور اس جہاد میں میں ان کے ساتھ کھڑی ہوں۔

اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا کہ میرا قصور یہ ہے کہ میری رگوں میں نواز شریف کا لہو دوڑ رہا ہے اور مجھے ریفرنس میں الجھانے کی وجہ میرے والد کے اعصاب پر دباؤ ڈالنا ہے تاہم منصوبے بنانے والو یاد رکھو نواز شریف کی بیٹی اس کی کمزوری نہیں طاقت ہے۔

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے کہا نواز شریف نے 70سال بعد فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کیا اور نواز شریف نے 19 سال بعد مردم شماری کرائی، نوجوانوں اور بے روزگاروں کیلیے روزگار کے مواقع کھولے، دیوالیہ ہو جانے والی معیشت کو بحال کیا، شہر قائد کراچی کی رونقیں بحال کیں، پاکستان میں جدید شاہراہوں اور موٹرویز کا جال بچھا دیا، بلوچستان کوبےامنی سے نکال کر امن وسکون دیا، وطن کےاندھیرے دور کیے، بجلی پیداوار میں 10 ہزار میگاواٹ اضافہ کیا، دہشت گردی کا خاتمہ کیا .

اس کے علاوہ نواز شریف نے سی پیک کی شکل میں پاکستان کو اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری دی اور نواز شریف کے بہت سے جرائم ہونگے بہت سے گناہ ہونگے مگر پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: جسٹس (ر) ناصر الملک کی نامزدگی قابل ستائش، ان پر کبھی کسی نے انگلی نہیں اٹھائی: نواز شریف

انہوں نے کہا میں پاکستان کی بیٹی ہوں جسے پاکستان بھر میں تماشا بنا کر رکھ دیا گیا لیکن میں نہ اپنے باپ کا سر جھکنے دوں گی نہ غیرت مند پاکستانیوں کا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں