دنیا کا پہلا 4 ٹی بی اسٹوریج والا فون لینوو زی 5 آئندہ ہفتے متعارف کرایا

دنیا کا پہلا 4 ٹی بی اسٹوریج والا فون لینوو زی 5 آئندہ ہفتے متعارف کرایا
کیپشن: image by facebook

نیویارک :دنیا کا پہلا 4 ٹی بی اسٹوریج والا فون لینوو زی 5 آئندہ ہفتے متعارف کرایا جارہا ہے ، چین میں ایک ایونٹ کے دوران 5 جون کو یہ فون متعارف کرایا جائے گا۔

کمپنی کی جانب سے چینی سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر اس بات کی تصدیق کی گئی اور یہ وہ فون ہے جسے صحیح معنوں میں بیزل لیس کہا جاسکتا ہے۔

اس فون کی اسکرین فرنٹ پر 95 فیصد حصے پر ہوگی جبکہ 5 فیصد بیزل ہوں گے  تاہم ابھی واضح نہیں کہ اس کا فرنٹ کیمرہ کہاں ہوگا۔اس کے علاوہ اے آئی ڈوئل کیمرہ کی تصدیق کمپنی کے نائب صدر چانگ چینگ نے ویبو پر کی تھی اور ان کے مطابق فوٹوگرافی خصوصاً کم روشنی میں یہ بہترین نتائج فراہم کرے گا۔

اس کو پڑھیئے:سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون گلیکسی نوٹ 9 جولائی کے آخر یا اگست میں آنے کا امکان

اور ایک اہم چیز اس کی طاقتور بیٹری ہوگی جس کا اسٹینڈ بائی ٹائم 45 دن یا ڈیڑھ مہینہ ہے۔یہ تو پہلے ہی بتایا جاچکا ہے کہ یہ 4 ٹی بی یا 4 ہزار جی بی اسٹوریج والا فون ہے اور اتنی اسٹوریج اب تک کسی اور فون میں دستیاب نہیں، ابھی 512 جی بی اسٹوریج والا ایک ہی فون ہے ہیواوے کا پورشے ڈیزائن میٹ آر ایس ہے۔

اس فون کا ڈیزائن 18 پیٹنٹ ٹیکنالوجیز اور 4 ٹیکنالوجیکل بریک تھرو کا کمال ہے، تاہم کمپنی نے اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

یہ فون ممکنہ طور پر ایسے فنگرپرنٹ اسکینر کے ساتھ ہوگا جو ڈسپلے کے اندر موجود ہوگا، اسی طرح ان اسکرین ائیر پیس، پوپ اپ سیلفی کیمرہ بھی قابل ذکر فیچرز ہیں۔

اس سے ہٹ کر ابھی فون کی دیگر تفصیلات لیک ہوکر سامنے نہیں آسکی ہیں۔کمپنی نے زی 5 کو مستقبل کا فون قرار دیا ہے جو لوگوں کے خوابوں کی تعبیر ثابت ہوگا۔

اس کی قیمت کا اندازہ لگانا تو ابھی مشکل ہے تاہم یہ 30 سے 60 ہزار پاکستانی روپے کے درمیان ہوسکتا ہے۔