ہدف کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانا ہو گی، ایون لیوس

ہدف کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانا ہو گی، ایون لیوس


لندن : ویسٹ انڈین ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین ایون لیوس نے کہا ہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنا خواب ہے، ہدف کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں شعبوں میں صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانا ہو گی۔

ورلڈ کپ آج جمعرات سے انگلینڈ میں شروع ہو گا اور کالی آندھی  جمعہ کو پاکستان کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی۔ لیوس نے اپنے بیان میں کہ ورلڈ کپ سکواڈ کا حصہ ہونے پر خوشی محسوس ہو رہی ہے اور میں ایونٹ کھیلنے کیلئے پر جوش ہو رہا ہوں، کوشش ہو گی کہ عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتوحات دلوانے میں کردار ادا کروں۔ انہوں نے کہا کہ پاور ہٹنگ ہماری اصل طاقت ہے، امید ہے کہ کرس گیل اور آندرے رسل توقعات کے مطابق کھیل پیش کر کے ٹیم کو عالمی ٹائٹل دلوانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ فتوحات کیلئے کسی ایک کھلاڑی کی کارکردگی پر انحصار نہیں کر سکتے بلکہ کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں شعبوں میں صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانا ہو گی۔