شہباز شریف کے کیخلاف واضح ثبوت آ چکے، وزیر اعظم عمران خان

 شہباز شریف کے کیخلاف واضح ثبوت آ چکے، وزیر اعظم عمران خان
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد:  وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کے کیخلاف واضح ثبوت آ چکے، ان کیخلاف کیس میں کوئی ابہام نہیں ہے۔


تفصیلات کے مطابق،  وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت پارٹی اور حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کی صورتحال سمیت سیاسی اور معاشی امور پر انھیں بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ بجٹ کے خدوخال اور چینی انکوائری رپورٹ سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کا چینی سکینڈل پر تحقیقات اور رپورٹ پبلک کرنا تاریخی اقدام ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مافیاز نے سیاست کو کاروبار بنایا ہوا ہے۔ سیاست میں رہ کر کرپٹ سیاستدان مافیاز کی مدد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے خلاف واضح ثبوت آ چکے ہیں، ان کے کیس میں کوئی ابہام نہیں ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کو اتنے عرصہ سے لوٹا جا رہا تھا، کسی نے توجہ نہیں دی۔ مجھے عوام اور کمزور طبقے کی فکر ہے۔ کورونا پر حکومت نے بہترین اقدامات کیے ہیں۔ کورونا کی صورتحال سے معاشی عدم استحکام پیدا ہوا۔ آئندہ بجٹ میں عام آدمی کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔

دوسری جانب آئندہ مالی سال کیلئے وفاقی بجٹ کی تیاریوں میں تیزی کا حکم دیتے ہوئے وزیراعظم نے باقاعدگی اس پر بجٹ بریفنگ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

 ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان سے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے ملاقات کی اور ملکی معاشی صورتحال سمیت بجٹ کی تیاری سے متعلق معاملات پر گفتگو کی۔