اسد عمر نے معیشت کی بہتری پر حیران ہونے والوں کیلئے پرانی ویڈیو جاری کردی

اسد عمر نے معیشت کی بہتری پر حیران ہونے والوں کیلئے پرانی ویڈیو جاری کردی

اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر نے اچانک معیشت کی بہتری پر حیران ہونے والوں کیلئے ٹویٹر پر پرانی ویڈیو جاری کر دی ۔

اپنے بیان میں کہا کہ دو سال پہلے بتا دیا تھا کہ عمران خان حکومت کی واضح حکمت عملی ہے ۔ معیشت کو دیرپا ترقی کے راستے پر گامزن کرنا ہے اور فوری مقبولیت کے فیصلے نہیں کرنے ۔

دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ تبدیلی سرکار کی نااہلی کے باعث شہریوں کیلئے سرکاری نرخ نامے پر پھل ، سبزیاں ، گوشت ، دالیں اور چینی خریدنا ناممکن ہو گیا ۔

مہنگائی سے ستائی عوام کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدآمد کرانے کے لئے کوئی موثر حکمت عملی نا بنائی جا سکی اور شہریوں کے لئے ایسا کوئی پلیٹ فارم بھی موجود نہیں جہاں پرائس لسٹ کی خلاف ورزی پر کسی دکاندار کے خلاف شکایات درج کراسکیں ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سرکاری نرخ نامہ پر صرف پھل ، سبزیوں ، چکن اور انڈوں کی سرکاری قیمتیں لکھی جاتی ہیں ، جس کا تعین مارکیٹ کمیٹی ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کو مد نظر رکھتے ہوئے کرنے کا دعوی کرتی ہے ۔ لیکن تھوک اور پرچون مارکیٹ کے نرخ نامے پر اشیاء دستیاب ہی نہیں ۔

ڈی سی آفس لاہور سے جاری کردہ پرائس لسٹ میں 13 اشیاء شامل ہیں جن میں چاول 120 روپے ، بیسن 145 ، دودھ 90 روپے لیٹر ، دہی 110 روپے کلو ، سفید چنے 130 ، کالے چنے 135 ، دال ماش 245 ، مسور دال 160 ، مونگ دال 205 ، مٹن 900 ، بیف 450 روپے سرکاری لسٹ کے مطابق شامل ہیں جبکہ چینی 85 روپے کلو مقرر ہے ۔ اسکے علاوہ لسٹ میں دیگر اشیاء کی قیمتوں کا تعین نہیں کیا گیا ۔