نذیر چوہان کیخلاف مقدمہ حکومت کیلئے نئے بحران کو جنم دینے کے مترادف ہے، ترین گروپ

 نذیر چوہان کیخلاف مقدمہ حکومت کیلئے نئے بحران کو جنم دینے کے مترادف ہے، ترین گروپ
کیپشن: نذیر چوہان کیخلاف مقدمہ حکومت کیلئے نئے بحران کو جنم دینے کے مترادف ہے، ترین گروپ
سورس: فائل فوٹو

لاہور: ترجمان ترین گروپ نے مشیر داخلہ شہزاد اکبر کی جانب سے ایم پی اے نذیر چوہان پر مقدمہ کے اندراج پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام مسائل میں گھری حکومت اور پی ٹی آئی کے لیے ایک نئے بحران کو جنم دینے کے مترادف ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترین گروپ کا کہنا ہے کہ شہزاد اکبر کی جانب سے یہ اقدام قابل مذمت ہے۔ ترین گروپ اگر کوئی مسئلہ تھا تو اسے بات چیت کے ذریعے بھی حل کیا جا سکتا ہے۔

ترجمان کے مطابق یہ انتہائی اقدام ہے جس نے ترین گروپ کی جانب سے تنازعات اور مساٸل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی عملی کوششوں کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ شہزاد اکبر فوری طور پر مقدمہ واپس لیں اور بات چیت کے ذریعے معاملات کو حل کریں۔

اس سے قبل مشیر داخلہ شہزاد اکبر کی درخواست پر ترین گروپ کے ایم پی اے نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب نے پی ٹی آئی رہنما کے خلاف مقدمے کیلئے درخواست دی تھی۔

تھانہ ریس کورس نے وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا۔ مقدمہ دفعہ 506، 258، 189، 153 کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ نذیر چوہان نے ٹی وی پروگرام میں میرے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے۔