پی ایس ایل میں حصہ لینے والے جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ابوظہبی پہنچ گئے

پی ایس ایل میں حصہ لینے والے جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ابوظہبی پہنچ گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ابوظہبی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں حصہ لینے والے جنوبی افریقہ کے کھلاڑی کمرشل فلائٹ کے ذریعے ابوظہبی پہنچ گئے ہیں جہاں اب تمام کھلاڑی قرنطینہ اختیار کریں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق ابوظہبی پہنچنے والوں میں پاکستانی کرکٹر محمد نواز بھی شامل ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے فاف ڈپلوسی،ڈیوڈ ملر، کیمرون ڈیلپورٹ، ریلی روسو اور ہرشل گبز بھی ابوظہبی پہنچ گئے ہیں۔ 
ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیز کے جانسن چارلس اور ڈیرن سیمی نیویارک سے ابوظہبی کیلئے روانہ ہوئے ہیں جبکہ براڈکاسٹ کریو میں شامل جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مسافر بھی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) روانہ ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رواں سال کورونا وائرس کے باعث ملتوی ہونے والی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز یو اے ای میں کروانے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ 
ابوظہبی پہنچنے والے مذکورہ افراد کو ویزے جاری نہ ہونے کے باعث لیگ کے انعقاد پر ایک بار پھر خطرے کے باڈل منڈلانے لگے تھے تاہم وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی مداخلت پر اماراتی حکام نے جنوبی افریقہ اور بھارت کے براڈکاسٹرز کو ابوظہبی لینڈنگ کی اجازت ملی۔