جیلوں میں قید خواتین سے بدسلوکی کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں، محسن نقوی

جیلوں میں قید خواتین سے بدسلوکی کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں، محسن نقوی
سورس: File

لاہور: جیل میں خواتین کے ساتھ قانون کے مطابق کاروائی کی جا رہی ہے۔ کوئی غیراخلاقی حرکت میں ملوث پایا گیا تواسے واقعی سزا دی جائے گی۔ عمران خان کی نظربندی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ 

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے جیلوں میں قید خواتین سے بدسلوکی کے واقعات کی تردید کر دی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے غلط الزامات لگائے ہیں، جیل میں خواتین کے ساتھ قانون کے مطابق کاروائی کی جا رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ خواتین سے بدسلوکی کے الزامات لگانے والوں کو سوچ سمجھ کر ایسی باتیں کرنی چاہیئں، خواتین کا تحفظ میری ذمہ داری  ہے، کوئی غیراخلاقی حرکت میں ملوث پایا گیا تواسے واقعی سزا دی جائے گی۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سمن آباد انڈر پاس کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 9 مئی کے واقعات میں مجموعی طور پر 32 خواتین گرفتار ہوئیں ہیں، جن میں سے 21 رہا ہو چکی ہیں جبکہ 11 خواتین جوڈیشل ریمانڈ پر پنجاب کے مختلف جیلوں میں قید ہیں۔ 

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ جناح ہاؤس پر حملے میں ملوث کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو،ان کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

عمران خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلی کاکہنا تھا کہ عمران خان کی نظربندی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔