2016 کی سب سے اہم خبریں جن کی سوشل میڈیا دھوم رہی

2016 کی سب سے اہم خبریں جن کی سوشل میڈیا دھوم رہی

لاہورؔ: رواں سال پاکستان میں کئی ایسے واقعات رونما ہوئے جنہوں نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچائے رکھا اور ان کے ٹرینڈز سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر سرفہرست رہے۔ ڈیلی پاکستان گلوبل نے اپنی ایک رپورٹ میں 2016ءکی وہ دس خبریں یکجا کی ہیں جن کے ٹرینڈز رواں سال پہلی 10پوزیشنز پر رہے۔

اس رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر رواں سال سب سے زیادہ ہلچل ارشد خان چائے والے کی خبر نے مچائی۔ ارشد خان کو سوشل میڈیا پر اس قدر پذیرائی ملی کہ آج وہ چائے کا کام چھوڑ کر ماڈل بن چکا ہے۔سب سے پہلے اس کی تصویر پروفیشنل فوٹوگرافر جیا علی نے اتاری اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کی۔ آن کی آن میں یہ تصویر پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت میں بھی جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور سی این این اور بی بی سی جیسے معتبر اداروں نے بھی اس کی خبر کو اپنے بلیٹن کا حصہ بنایا۔ اب ارشد خان چائے کی چھوٹی سی دکان کی بجائے ملک کے معروف ماڈلز کے ساتھ ریمپ پر واک کرتا نظر آتا ہے۔


اس کے بعد گلوکارہ مومنہ مستحسن بھی رواں سال سوشل میڈیا پر چھائی رہیں اور ان کے نام کا ٹرینڈ ٹاپ پر رہا۔ 24سالہ مومنہ مستحسن نے کوک سٹوڈیو میں لیجنڈ گلوکار استاد نصرت فتح علی خان کی غزل ”آفریں آفریں“ گائی۔ وہ اپنی نرم آواز اور دلکش مسکراہٹ کے باعث لاکھوں شائقین کے دلوں میں گھر کر گئیں اور شہرت کی بلندیوں کو چھونے لگیں۔ اب تک یوٹیوب پر اس گانے کو 3کروڑ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔

 


تیسرے نمبر پر شیخ رشید کی راولپنڈی کے کمیٹی چوک میں دبنگ انٹری سوشل میڈیا پر سرفہرست ٹرینڈ کی صورت میں راج کرتی رہی۔ شیخ رشید نے 28اکتوبر کو کمیٹی چوک میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا تھا۔ دوسری طرف حکومت اس جلسے کو روکنے کے لیے سرتوڑ کوششیں کر رہی تھی۔ امکان تھا کہ انہوں نے کمیٹی چوک آنے کی کوشش کی تو انہیں گرفتار کر لیا جائے گا تاہم وہ اپنے کسی خفیہ ٹھکانے سے نکلے اور موٹرسائیکل پر بیٹھ کر کسی فلمی ہیرو کی طرح کمیٹی چوک پہنچے، مختصر سی تقریر کی اور واپس بھی چلے گئے۔ ان کے اس دبنگ سٹائل کو ملک بھر میں بہت زیادہ پذیرائی ملی۔

 


چوتھے نمبر پر پاکستانی اخبارات میں چھپنے والے ٹیلی کام کمپنی موبی لنک کے اشتہار نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کیے رکھا جس میں معروف اداکارہ نرگس فخری سرخ لباس پہلے غیر مناسب انداز میں لیٹی ہوئی نظر آئیں۔ جواب میں یوفون نے اپنی حریف کمپنی موبی لنک پر فقرہ چست کرنے کے مترادف ایسا ہی ایک اشتہار شائع کروا دیا جس میں نرگس فخری کی جگہ فیصل قریشی اسی پوز میں لیٹا ہوتا ہے۔ موبی لنک کے اشتہار سے زیادہ یوفون کے اس استہزائیہ اشتہار نے سوشل میڈیا پر دھوم مچائی۔

 


 


پانچویں نمبر پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کے پش اپس سوشل میڈیا پر چھائے رہے۔ یہ ٹرینڈ اس وقت سرفہرست آیا جب پاکستانی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف جولائی میں لارڈز ٹیسٹ میچ جیتا۔ میچ میں اپنی بہترین پرفارمنس کے بعد مصباح الحق نے یہ پش اپس لگائے تھے۔


چھٹے نمبر پر ایم کیو ایم پر پابندی کے مطالبے پر مبنی ٹرینڈ رواں سال سوشل میڈیا پر سرفہرست رہا۔ یہ ٹرینڈ ایم کیو ایم کے سابق سربراہ الطاف حسین کی ملک دشمن تقریر کے بعد شروع ہوا۔

 


ساتویں نمبر پر بیچاری جینا کے ماں باپ کا ٹرینڈ سرفہرست رہا۔ بیچاری جینا نے روہانسے انداز میں ڈرامے میں اس قدر ”میرے تو ماں باپ بھی نہیں“ کا فقرہ دہرایا کہ یہ ٹرینڈ کی صورت میں سوشل میڈیا پر سرفہرست آ گیا۔

 


آٹھویں نمبر پر بھارت کی فرضی سرجیکل سٹرائیک کی بڑھک پاکستانی سوشل میڈیا پر چھائی رہی۔ یہ ٹرینڈ بھارتی فوج کی طرف سے آزاد کشمیر میں سرجیکل سٹرائیک کرکے درجنوں ہلاکتیں کرنے کے جھوٹے دعوے کے بعد سوشل میڈیا ویب سائٹس پر ابھرا اور تادیر سرفہرست رہا۔

 


نویں نمبر پر قندیل بلوچ رواں سال سوشل میڈیا پر سرفہرست رہیں۔ پہلے ان کی ویڈیوز اور تصاویر کے باعث اور پھر ان کی ناگہانی موت، جو پوری دنیا کے لیے حیرت انگیز دھچکے کا باعث بنی، سوشل میڈیا پر بڑا موضوع بحث رہی۔ قندیل بلوچ کی موت پر بھی سی این این، بی بی سی سمیت ڈیلی میل جیسے بڑے عالمی نشریاتی و اشاعتی اداروں نے رپورٹس نشر اور شائع کیں۔

 


دسویں نمبر پررواں ماہ کے آغاز میں لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں کئی دن تک چھائی رہنے والی سموگ سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کی صورت میں سرفہرست رہی۔