مرد و خواتین خواب میں کیا دیکھتے ہیں

مرد و خواتین خواب میں کیا دیکھتے ہیں

لندن: جب ہر ہر میدان میں خواتین مردوں سے ممتاز ہونے کی خواہشمند ہوں تو بھلا یہ کیسے ممکن ہوسکتا تھا کہ خواب کی دنیا بھی ان کی الگ نہ ہوتی۔ ایک نئی تحقیق کے مطابق یہ بات سامنے آئی ہے کہ خواتین مردوں کے مقابلے میں زیادہ ڈرائونے خواب دیکھتی ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ اُن کے خواب بھی حقیقی دنیا کی طرح جذبات سے بھرے ہوتے ہیں۔ دوسری طرف اگر مردوں کے خواب کی بات کی جائے تو وہ اکثر خوشی سے بھرپور اور پرجوش ہوتے ہیں۔ نفسیات پر کام کرنے والی امریکی ماہر آنے کٹلر کہتی ہیں کہ ڈرائونے خواب کی اصل وجہ وہ گھبراہٹ ہے جو عموماً خواتین کو ہر کام کی وجہ سے لاحق ہوتی ہے، اور یہ ایک حقیقت ہے کہ مردوں کے مقابلے میں خواتین زیادہ پریشان رہتی ہیں۔ تحقیق کے مطابق خواتین کو جو سب سے زیادہ خواب آتے ہیں اُن کا تعلق اپنے ساتھی کی جانب سے دھوکا ملنے کے حوالے سے ہوتے ہیں۔ اِس کے علاوہ دانت گرجانے، کوئی پیچھا کررہا ہے اور مکڑے کو دیکھنے کے حوالے سے بھی خواب اکثر خواتین کو آتے ہیں۔

تحقیق یہ بات بھی بتاتی ہے کہ 51 فیصد خواتین کو یہ خواب اکثر آتے ہیں کہ کوئی اُن کا پیچھا کررہا ہے۔ اسی طرح 38 فیصد خواتین کو یہ خواب آتے ہیں کہ وہ ایک بار پھر اسکول کے دور میں چلی گئی ہیں جبکہ 34 فیصد خواتین کو اِس حوالے سے خواب آتے ہیں کہ ٹیسٹ اور کسی اہم ایونٹ سے متعلق اُن کی تیاری نامکمل ہے۔ اگر مردوں کی بات کی جائے تو وہاں معاملہ یکسر مختلف ہے۔ مردوں کی اکثریت سفر، کسی خوبرو حسینہ سے ملاقات اور دولت کے حصول سے متعلق اچھے خواب دیکھتی ہے۔ تحقیق کے سبب یہ بھی علم ہوا کہ مردوں کے مقابلے میں خواتین اپنے خوابوں کو زیادہ دیر تک یاد رکھتی ہیں۔ 14 فیصد مردوں کے مقابلے میں 24 فیصد خواتین اپنے خواب یاد رکھتی ہیں۔