خواتین کو میک اپ کے دوران کن غلطیوں سے بچنا چاہیے

خواتین کو میک اپ کے دوران کن غلطیوں سے بچنا چاہیے

اسلام آباد:  اگر یہ کہا جائے کہ اکثریت کے لیے میک اپ اتنا ہی ناگزیر بنتا جارہا ہے، جتنا سانس لینا ہے، تو شاید یہ مبالغہ آرائی ہرگز نہ ہو، لیکن کچھ خواتین ایسی ہوتی ہیں، جو اس ضروری کام میں بھی بے دھیانی سے اکثر غلطی کرجاتی ہیں۔ جیسے یہ بات تو سبھی جانتے ہیں کہ ہونٹ بڑھتی عمر کے ساتھ سکڑتے جاتے ہیں، لیکن جو بات لوگ نہیں جانتے وہ یہ ہے کہ گہرے رنگ سے وہ اور بھی پتلے دکھائی دیتے ہیں جبکہ ہلکے جامنی اور گلابی رنگ کی لپ اسٹک سے ہونٹ موٹے محسوس ہوتے ہیں، پھر اگر لپ سٹک کے ساتھ ساتھ لپ گلوز بھی لگالی جائے تو ہونٹوں کی خوبصورتی میں بے تحاشا اضافہ ہوجاتا ہے۔ عموماً خواتین میک اپ کے معاملے میں کیا کیاغلطیاں کرتی ہیں، آئیے اس پر ایک نظر ڈالتے ہیں: غلط رنگ کے فاونڈیشن کا انتخاب کرنا جلد کی رنگت سے بہت زیادہ ہلکے یا گہرے رنگ کا فائونڈیشن استعمال کرنے سے آپ کا چہرہ بے رونق لگتا ہے اور بے رونق چہرہ آپ کی عمر کو بڑھا دیتا ہے ۔

اس لیے فاونڈیشن خریدتے وقت اس کا ٹیسٹ ہاتھ کی بجائے چہرے کے کسی حصے پر کریں تاکہ بالکل ٹھیک رنگ کا فائونڈیشن خرید سکیں۔ اپنی بھنوئوں کو بھول جانا عمر کے ساتھ انسان کی بھوئیں پتلی ہوتی چلی جاتی ہیں اور آپ میک اپ کے دوران ان پر بالکل بھی توجہ نہیں دیتے، جس کی وجہ سے عمر زیادہ معلوم ہوتی ہے۔ اس لیے بھنوئوں کو آئی پنسل کے ذریعے بہتر طور پر بنایا جاسکتا ہے۔ آنکھوں کے نیچے آئی لائنر لگانا آنکھوں کے نیچے آئی لائنر لگانے سے آپ کی آنکھیں چھوٹی چھوٹی لگتی ہیں، لیکن اگر آنکھوں کے اوپر آئی لائنر لگایا جائے، تو آنکھیں بالکل کھلی کھلی لگتی ہیں۔ اس لیے کوشش کرنی چاہیے کہ بہت زیادہ گہرے رنگ کا لائنر نہ لگائیں۔ بھورے اور گرے رنگ کا آئی لائنر لگائیں تو یہ اچھا رہے گا جبکہ مسکارا ضرور لگائیں کیونکہ وہ آپ کی آنکھوں کو جوانی کا روپ دیتا ہے۔ بہت زیادہ میک اپ لگانا فاونڈیشن یا کنسیلر بہت زیادہ لگانے سے بھی آپ کے چہرے پر جھریاں اور چھائیاں نظر آتی ہیں۔ اگر فاونڈیشن زیادہ ہو بھی جائے، تو صاف کرلیں۔ گہرا بلش استعمال کرنا گہرے اور بھورے رنگ کی بجائے اگر آپ تھوڑے شوخ رنگ کا بلش استعمال کریں گے، تو آپ کے گال بھرے بھرے نظر آئیں گے۔ کریم والے بلش سے آپ کے چہرے پر ایک چمک آتی ہے، جس سے چہرہ جوان اور کھلا کھلا نظر آتا ہے۔ بہت زیادہ پائوڈر لگانا جب آپ پاوڈر لگاتے ہیں ،تو چہرے کی قدرتی چمک مدہم ہوجاتی ہے، لیکن اگر اس حقیقت کو جاننے کے بعد بھی آپ پاوڈر لگانا چاہتے ہیں، تو صرف ٹھوڑی اور ناک پر پاوڈر لگائیں۔