کوئی منی لانڈرنگ نہیں کی، حنیف عباسی کے الزامات بے بنیاد ہیں: عمران خان کا سپریم کورٹ میں جواب

کوئی منی لانڈرنگ نہیں کی، حنیف عباسی کے الزامات بے بنیاد ہیں: عمران خان کا سپریم کورٹ میں جواب

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کی طرف سے ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کے الزمات کو مسترد کرتے ہوئے  ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کیس میں اپنا جواب سپریم کورٹ میں جمع کروادیا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ کالا دھن سفید کرنے کے الزامات بے بنیاد، جھوٹے اور غلط ہیں۔ حنیف عباسی نے درخواست سیاسی آقاؤں کے کہنے پر دائر کی جس میں انہوں نے اپنے پس پردہ مقاصد کی خاطر الزامات لگائے لہذا درخواست جرمانے کے ساتھ خارج کی جائے۔

عمران خان کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ لندن فلیٹ بیرون ملک آمدن سے ایک لاکھ 17 ہزار پاوٴنڈ میں خریدا جو بعد میں 7 لاکھ 15 ہزار پاوٴنڈ میں فروخت ہوا جب کہ ٹیکس ادائیگی کرکے 6 لاکھ 90 ہزار 307 پاوٴنڈ ملے۔ مارچ 2003 میں لندن فلیٹ کی رقم جمائما کو دے دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ  9 ملین پاوٴنڈ کی رقم سے نیازی سروسز لمٹیڈ کمپنی بنائی گئی جب کہ نیازی سروسز لمیٹڈ کا اثاثہ لندن کا فلیٹ تھا،2002  میں بنی گالہ کی زمین 43 کروڑ 50 لاکھ روپے میں خریدی اور اراضی کی ابتدائی رقم 65 لاکھ روپے خود ادا کی جب کہ لندن فلیٹ کی فروخت میں تاخیر پر جمائما نے بنی گالہ اراضی کی رقم ادا کی جس کے شواہد موجود ہیں ۔

چئیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اثاثوں کی حوالے سے کوئی غلط بیانی نہیں کی اور تین دہائیوں سے ٹیکس بھی ادا کر رہا ہوں اور ایف بی آر کی طرف سے بھی  13 سال سے بنی گالہ اراضی کی ٹرانزیکشن پر اعتراض نہیں کیا گیا۔