شہبازشریف کا بغیر کسی اطلا ع کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساہیوال کا اچانک دورہ

 شہبازشریف کا بغیر کسی اطلا ع کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساہیوال کا اچانک دورہ

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ایک بار پھر بغیر کسی پیشگی اطلا ع کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساہیوال کا بغیر پروٹوکول اچانک دورہ کیا ۔وزیر اعلی شہباز شریف حسب روایت عام وین کے ذریعے ہسپتال پہنچے اورہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیر اعلی نے ڈاکٹروں اور عملے کے حاضری رجسٹر چیک کئے اورغیر حاضر ڈاکٹروں اورعملے کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر ساہیوال ڈویژن کو حاضری رجسٹرکی جانچ پڑتال کر کے تین روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔

وزیر اعلی نے جب حاضری رجسٹر چیک کیا تو ایک سپیشلسٹ ڈاکٹر گزشتہ 29 روز سے غیر حاضر پایا گیا جس پر وزیر اعلی برہم ہوئے اور اس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے غیر حاضر ڈاکٹروں اور عملے کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کا حکم دیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے کہا کہ اگر ہسپتال میں سپیشلسٹ اور سینئرپروفیسر ہی حاضر نہیں ہو ں گے تو مریضوں کو علاج معالجے کی جدید اور معیاری سہولتیں کیسے میسر آئیں گی؟۔ تنخواہ لیکر غیر حاضر رہنے والے ڈاکٹراپنے ضمیر اور دکھی انسانیت کو کیا جواب دیں گے؟ ۔ وزیراعلیٰ نے وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی ۔ مریضوں اور ان کے لواحقین نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ ہسپتال میں علاج معالجے کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور مریضوں کو ادویات بھی مل رہی ہیں ۔مریضوں اوران کے لواحقین نے وزیراعلیٰ کو دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے دل میں حقیقی معنوں میں دکھی انسانیت کی خدمت کی تڑپ ہے اورآپ کی ذاتی توجہ کے باعث مریضوں کو بہتر علاج مل رہا ہے ۔ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو مزید ہمت دے اور آپ اسی طرح عوام کی خدمت کرتے رہیں

مصنف کے بارے میں