قومی آل راؤنڈر شعیب ملک بی پی ایل میں بھی چھا گئے

قومی آل راؤنڈر شعیب ملک بی پی ایل میں بھی چھا گئے

چٹا گانگ: قومی آل راؤنڈر شعیب ملک بی پی ایل میں بھی چھا گئے ، شعیب ملک کی عمدہ باؤلنگ نے کومیلاوکٹورینز کی جیت یقینی بنا دی ،کھلنا ٹائٹنز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر کومیلا نے چھٹی کامیابی حاصل کر لی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی بلے بازوں کی بنگلا دیش لیگ میں منگل کو کھیلے گئے لیگ کے 32 ویں میچ میں کھلنا ٹائٹنز کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 19.2 اوورز میں 111 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، عارف الحق 24 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ٹائٹنز کے پانچ کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔
کومیلا کی جانب سے شعیب ملک اور الامین حسین نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں کومیلا وکٹورینز نے مطلوبہ ہدف 14 ویں اوور کی پانچویں گیند پر صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، تمیم اقبال 64 اور امرالقیس 22 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
14 رنز کے عوض تین وکٹیں لینے والے شعیب ملک کو عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔اس فتح کے ساتھ ہی کومیلا پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔