انگریزی کی غلطیاں،خادم حسین رضوی کی رہائی کی درخواست خارج

انگریزی کی غلطیاں،خادم حسین رضوی کی رہائی کی درخواست خارج
کیپشن: فوٹو فائل

لاہور :تحریک تحریک لبیک پاکستان کے رہنما خادم حسین رضوی کی رہائی کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست خارج کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دائر کی گئی درخواست کو انگریزی کی بے شمار غلطیاں ہونے کے باعث خارج کیا گیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے علامہ خادم حسین رضوی کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔


جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے درخواست گزار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ درخواست واپس لیں، متعلقہ پارٹی کو فریق بنائیں اور انگریزی کی غلطیاں ٹھیک کریں۔ یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے، کیا آپ سنجیدہ ہیں؟ درخواست میں انگریزی کی بے شمار غلطیاں موجود ہیں۔

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اگر آپ اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھنا چاہتے ہیں تو درخواست واپس لیں اور دوبارہ دائر کریں۔ لاہور ہائیکورٹ نے علامہ خادم حسین رضوی کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست نمٹا دی۔


عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ علامہ خادم رضوی کو کس نے اٹھایا اور وہ کہاں ہیں؟ جس پر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مجھے نہیں معلوم وہ کہاں ہیں اسی لیے ان کی بازیابی کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے۔

جسٹس مظاہرنقوی نے کہا پورے پاکستان کو پتہ ہے کہ خادم رضوی کہاں ہے، صرف آپ کو ہی معلوم نہیں ہے۔