افغانستان اور بھارت کیساتھ بہتر تعلقات ہماری ضرورت ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

افغانستان اور بھارت کیساتھ بہتر تعلقات ہماری ضرورت ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
کیپشن: سکرین شاٹ

اسلام آباد: امن کے بغیر پاکستان میں سرمایہ کاری ممکن نہیں، افغانستان اور بھارت کیساتھ بہتر تعلقات ہماری ضرورت ہے، وزیراعظم نے امن کے لیے نریندر مودی کو خط بھی لکھا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا حکومت کے سو دن مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ تحریک انصاف جب اپنا منشور مرتب کر رہی تھی تو ہمسایہ ملک ایک واضح مقصد کے تحت پاکستان کو تنہا کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مقدمہ لڑنے کے لیے کوئی وزیر خارجہ ہی نہیں تھا، عمران خان نے مجھے پاکستان کا مقدمہ لڑنے کے لیے ذمہ داری دی اور وزیر خارجہ کی شکل میں پاکستان کو ایک وکیل دیا، اس کے بعد ہم نے دفتر خارجہ کو پہلے سے زیادہ فعال کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم نے دفتر خارجہ کو موثر اور مضبوط بنانے کا پلان مرتب کیا کیونکہ خطے میں امن ہماری ضرورت اور ترجیح ہے، ہم نے سب سے پہلے فوکس افغانستان پر کیا اور وزیراعظم کی ہدایت پر پہلا دورہ افغانستان کا کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کل دکھائی دے رہا تھا کہ پڑوسی ملک کیا چاہتا ہے، ہمارا پڑوسی ملک پاکستان کو تنہائی میں دیکھنا چاہتا ہے۔ حکومت نے نامور سفارت کاروں پر مشتمل مشاورتی کونسل تشکیل دینے اور اس کے علاوہ ثقافتی سفارتکاری کو بھی پروان چڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔