عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان میں اضافے کا امکان

عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان میں اضافے کا امکان
فوٹو فائل

اسلام آباد: وزیراعظم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی حتمی منظوری دیں گے، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم دسمبر سے ہوگا۔


اوگرا نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 35 فیصد کمی نظر انداز کرتے ہوئے حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کی سفارش کر دی ہے۔اوگرا ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9 روپے 91 پیسے تک اضافہ کرنے کی سفارش کرتے ہوئے سمری وزارت پیٹرولیم کو ارسال کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں پیٹرول 5 روپے 21 پیسے، ڈیزل 2 روپے، مٹی کا تیل 9 روپے 91 پیسے اور لائٹ ڈیزل 7 روپے 79 پیسے مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔وزیراعظم عمران خان پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی حتمی منظوری دیں گے، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم دسمبرسے ہوگا۔

اس سے قبل عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں کمی کی وجہ سے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔

امریکی خام تیل 50 ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے ٹریڈ ہوا جبکہ برطانوی خام تیل کی قیمت میں 2 فیصد کمی ہوئی۔ برطانوی خام تیل 57 ڈالر 50 سینٹس فی بیرل پر ٹریڈ ہوا، ایک ماہ میں خام تیل کی قیمتوں میں 25 فیصد تک کمی ہوئی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر حکومت 25 فیصد نہ سہی 7 فیصد ہی قیمت میں کمی کر دے تو پیٹرول اور ڈیزل 7 روپے تک سستا ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں کم ہونے سے درآمدی بل کم ہوگا جس سے پاکستان کو کم ادائیگیاں کرنی پڑیں گی۔