خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع

خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع
کیپشن: خواجہ سعد رفیق بھی پولیس کے ناروا رویے پر شدید برہم ہوئے۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کے ریفرنس میں خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع کر دی۔ پیشی کے موقع پر خواجہ سعد رفیق پولیس کے ناروا رویے پر برہم ہو گئے۔

پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کے ریفرنس کی سماعت لاہور کی احتساب عدالت میں ہوئی جس میں جیل حکام کی جانب سے جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر خواجہ برادران کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ احاطہ عدالت میں خواجہ برادران کی پیشی کے موقع پر بڑی تعداد میں موجود سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں نے لیگی وکلاء اور میڈیا نمائندوں کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا۔

اس موقع پر لیگی کارکنان اور پولیس کے درمیان تکرار یہ مناظر کے علاوہ لاؤڈ اسپیکر کا استعمال اور دھکم پیل کے ساتھ ساتھ شدید تلخ کلامی بھی دیکھنے میں آئی ۔ سابق وزیر ریلوے اور مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ سعد رفیق بھی پولیس کے ناروا رویے پر شدید برہم ہوئے۔

اس صورتحال میں عدالت نے خواجہ برادران کے خلاف کیس کی سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے ان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے والے قیصر امین بٹ کو آئندہ سماعت پر دوبارہ طلب کر لیا ہے۔