وزیراعظم نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو حکومت کی فتح قرار دےدیا

وزیراعظم نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو حکومت کی فتح قرار دےدیا
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے مافیا کو مایوسی ہوئی، اپنا پیسہ بچانے والے اس مافیا کو آئندہ بھی مایوسی ہوگی۔


تفصیلات کے مطابق ، ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے اپنے زیر صدارت ہونے والے ترجمانوں کے اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں قانونی ٹیم نے ترجمانوں کو عدالتی فیصلے اور کارروائی پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں عدلیہ کے کردار کی تعریف بھی کی گئی۔

 وزیراعظم نے کہا  کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ وفاق، پارلیمنٹ اور جمہوریت کی فتح ہے۔ عدالت نے آئندہ کے لیے بھی رہنمائی کی۔ پہلے اس طرح کے سوالات کبھی سامنے نہیں آئے۔ عدالت اور قانون کی رہنمائی میں آئندہ کے لیے قانون سازی ہوگی۔ اس فیصلے سے ملکی اداروں میں تصادم چاہنے والوں کو شکست ہوئی۔

اجلاس میں ترجمانوں کو فارن فنڈنگ کیس پر بھی بریفنگ دی گئی جبکہ قانونی ٹیم پر تحفظات سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا  کہ پی ٹی آئی جمہوری اقدار پر یقین رکھتی ہے۔ جمہوریت میں اختلاف رائے ہوتا ہے۔ قانونی ٹیم نے عدالت عظمیٰ کو مطمئن کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ عدالتی فیصلہ قانونی ٹیم کی کامیابی ہے۔

وزیراعظم نے اجلاس کے دوران بڑی تبدیلیوں کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ میں ہفتے کو لاہور جا رہا ہوں، بڑے پیمانے پر تبدیلیاں ہوں گی۔ ارکان نے رائے دی کہ رانا تنویر کو پی اے سی کا چئیرمین بنانے کا جواز نہیں تھا۔

 

وزیراعظم نے ترجمانوں کو اداروں میں ہم آہنگی کا موقف اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جس مافیا نے 15 مہینے زور لگایا، وہ ناکام ہوگا۔ ڈوبتی معیشت کو چلنے کے قابل بنا دیا ہے۔ ملک کے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کا اصل غم معیشت کی بہتری ہے۔