باکسنگ: مائیک ٹائسن اور روئے جونز کا مقابلہ برابر، دوبارہ لڑنے کا اعلان

باکسنگ: مائیک ٹائسن اور روئے جونز کا مقابلہ برابر، دوبارہ لڑنے کا اعلان
کیپشن: مائیک ٹائسن نے 54 اور روئے جونز نے 51 سال کی عمر میں مقابلہ کرکے دنیا کو حیران کردیا: بشکریہ یو ایس اے ٹوڈے سپورٹس

لاس اینجلس: باکسنگ لیجنڈ مائیک ٹائسن اور روئے جونز کے درمیان کھیلے گئے میچ کا نتیجہ برابر رہا۔ دونوں باکسرز نے آٹھ رائونڈز تک ایک دوسرے کیساتھ لڑائی کی۔ اس تاریخی فائٹ کا رائونڈ دو دو منٹ کا رکھا گیا تھا۔

ٹائسن اور جونز نے فائٹ کے دوران اپنی تجربہ کاری کا خوب مظاہرہ کیا اور ایک دوسرے پر مکوں کی خوب بوچھاڑ کی۔ ابتدائی رائونڈز میں مائیک ٹائسن نے خوب پھرتی دکھائی، انہوں نے اپنی مکہ بازی کے ایسے جوہر دکھائے جس سے ماضی کی یاد تازہ ہوگئی لیکن دوسری جانب روئے جونز نے بھی رنگ میں لیجنڈ باکسر کے سامنے ڈٹے رہ کر خوب داد وصول کی۔

روئے جونز نے اس فائٹ میں آنجہانی باسکٹ بال پلیئر کوب برائنٹ کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے خصوصی دستانے پہنچے تھے۔ خیال رہے کہ کوب برائنٹ گزشتہ سال ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

فائٹ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مائیک ٹائسن کا کہنا تھا کہ وہ مزید باکسنگ مقابلوں کیلئے خود کو تیار کرینگے، اور وہ اس بات کی خواہش رکھتے ہیں کہ ان کا روئے جونز کیساتھ مقابلہ ہو۔ مائیک ٹائسن کا کہنا تھا کہ یہ مقابلہ فتح کے شوق سے بڑھ کر تھا۔ یہ دوستانہ فائٹ امدادی رقم حاصل کرنے کیلئے منعقد کی گئی تھی۔

خیال رہے کہ مائیک ٹائسن اور روئے جونز کے درمیان اس چیرٹی مقابلے کی تاریخ 12 دسمبر کو رکھی گئی تھی، تاہم عالمی وبا کووڈ 19 کی وجہ سے اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ ٹائسن 54 سال جبکہ روئے جونز 51 برس کی ڈھلتی عمر کے باجود رنگ میں اترے اور اپنے مداحوں سے خوب داد وتحسین وصول کی۔

مائیک ٹائسن نے اپنا باکسنگ کیریئر 1985ء میں شروع کیا تھا جو 2005ء تک مختلف تنازعات کی وجہ سے اتار چڑھائو کا شکار رہا۔ انہوں نے 13 سال تک باکسنگ کی دنیا پر راج کیا۔