21 سالوں سے میرا مقابلہ سیاستدانوں سے نہیں مافیا سے ہے، عمران خان

21 سالوں سے میرا مقابلہ سیاستدانوں سے نہیں مافیا سے ہے، عمران خان

منڈی بہاالدین :پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ 21 سالوں سے میرا مقابلہ سیاستدانوں سے نہیں بلکہ مافیا سے ہے۔منڈی بہاوالدین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ شریف مافیا 30 سال سے پنجاب پر قبضہ کر کے بیٹھا ہے، انہوں نے سوال کیا کہ 5 مرلے کے گھر میں ہرنے والے شریف برادران ارب پتی کیسے بن گئے؟

عمران خان نے کہا کہ 21 سال سے میرا مقابلہ سیاستدانوں سے نہیں بلکہ مافیا سے ہے، مافیا پہلے کرپشن کے ذریعے پیسہ بناتے ہیں اور پھر لوگوں کو خریدتے ہیں یا پھر انہیں قتل کرا دیتے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ شہباز شریف نے ماڈل ٹاو¿ن میں لوگوں کو قتل کرایا۔

چیرمین تحریک انصاف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عزیر بلوچ نے جے آئی ٹی میں انکشاف کیا کہ اس نے پیپلز پارٹی کی قیادت کےکہنے پر لوگوں کو قتل کیا۔ان کا کہنا تھا کہ عزیر بلوچ نے انکشاف کیا کہ اس نے آصف زرداری کے لئے 14 شوگر ملوں پر قبضہ کیا اور عزیر بلوچ نے بے نظیر بھٹو کے قتل کے مرکزی گواہ خالد شہنشاہ کے قتل کا بھی اعتراف کیا۔

عمران خان نے کہا کہ شریف اور زرداری مافیا نے پاکستان کو جتنا نقصان پہنچایا اتنا کسی اور نے نہیں پہنچایا، ان لوگوں کے پاس سیاست میں آنے سے پہلے کیا تھا لیکن آج اربوں پتی بنے بیٹھے ہیں، یہ لوگ پاکستان کے میر جعفر اور میر صادق ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں 35 سو ارب روپے ٹیکس وصول ہوتا ہے اور ایک سال میں 4 ہزار ارب روپے کی کرپشن ہوتی ہے۔چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نواز شریف کے 300 ارب روپے باہر کے ملکوں میں پڑے ہیں جب کہ آصف زرداری کی دبئی، لندن اور پیرس میں جائیدادیں ہیں، کوئی پوچھے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کتنا ٹیکس ادا کرتے ہیں۔