آسٹریلیا چاروں شانے چت،پاکستان نے ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کردیا

آسٹریلیا چاروں شانے چت،پاکستان نے ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کردیا
کیپشن: تصویر بشکریہ پی سی بی آفیشل ٹوئٹر پیج

دبئی: پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ٹی20 سیریز کے آخری میچ میں 33 رنز سے فتح حاصل کرکے کینگروز کو وائٹ واش کردیا۔

تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں شاہینوں نے ایک مرتبہ پھر شاندار کارکردگی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے کینگروز کو چاروں شانے چت کردیا اور کامیابی اپنے نام کی۔151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 117 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ آسٹریلوی بیٹسمین ایک بار پھر پاکستانی باﺅلرزکا سامنا نہ کرسکے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے۔


میک ڈرموٹ اور مچل مارش 21،21 رنز بناکر نمایاں رہے، پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 3، حسن علی نے 2 جبکہ فہیم اشرف، محمد حفیظ اور عثمان خان شنواری نے ایک ایک کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔


اس سے قبل دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔


قومی ٹیم کی جانب سے بابر اعظم اور صاحبزاہ فرحان نے اننگز کا عمدہ آغاز کیا۔93 کے مجموعی سکور پر پاکستان کو پہلا نقصان ہوا جب صاحبزادہ فرحان 39 رنز بناکر آو¿ٹ ہوگئے۔


بابر اعظم نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 50 رنز بنائے۔ شعیب ملک 18، آصف علی 4 اور فہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے آو¿ٹ ہوئے۔

35dd918160570cdcdb865f0513169ff9


محمد حفیظ 32 اور عماد وسیم تین رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش نے دو کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔شاداب خان کو میچ کا جبکہ بابر اعظم کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
فتح کے بعد کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ جیت کا کریڈٹ پوری ٹیم کوجاتا ہے، کھلاڑیوں نے سخت محنت کی جو میدان میں دکھائی دی، میچ میں اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ سیریز میں تمام باﺅلرزنے عمدہ باﺅلنگ کی، جیت کے اسی تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔مسلسل فتوحات کے بعد پاکستانی ٹیم کا مورال بلند تھا اور اس نے کینگروز کے خلاف سیریز کلین سویپ کرنے پر نظریں جمائی ہوئی تھیں۔

خیال رہے کہ پاکستان نے سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو 66 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کی تھی۔دوسرے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم گرین شرٹس کا پلڑا بھاری رہا اور اس نے کینگروز کو 11 رنز سے زیر کر کے سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کی۔پاکستان کی جانب سے تیسرے میچ میں 2 تبدیلیاں کی گئی تھیں، فخر زمان اور شاہین آفریدی کو ڈراپ کیا گیا اور ان کی جگہ صاحبزادہ فرحان اور عثمان شنواری اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔


آسٹریلیا کی جانب سے میچ میں ایک تبدیلی کی گئی تھی اور بلی سٹین لیک کی جگہ نیتھن لائن کو دی گئی تھی۔اس سے قبل پاکستان نے دو میچز کی ٹیسٹ سیریز میں 0-1 سے شکست دی تھی، اس ٹور میں آسٹریلیا ایک میچ بھی نہ جیت سکا۔