بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے نمبر ون بلے باز بن گئے

بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے نمبر ون بلے باز بن گئے
بابر اعظم نے 7 نصف سنچریوں کی بدولت 56.56 کی اوسط سے 905 رنز بنائے۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹائلش بلے باز بابر اعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی کھلاڑیوں کی بیٹنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر قبضہ کر لیا۔آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار پرفارمنس دینے والے بابراعظم نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ایک درجہ ترقی پائی اور پہلے نمبر پر موجود آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ سے پوزیشن چھین لی۔


بابر اعظم اب تک محدود اوور کی طرز کی کرکٹ میں 23 میچز کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے 7 نصف سنچریوں کی بدولت 56.56 کی اوسط سے 905 رنز بنائے۔

آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان ایرون فنچ ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے۔ بھارت کے لوکیش راہل تیسرے اور نیوزی لینڈ کے کولن منرو ایک درجہ ترقی پاکر چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان کی حالیہ خراب کارکردگی کے بعد ان کی رینکنگ میں ایک درجہ تنزلی ہوئی جس کے بعد وہ چوتھی سے پانچویں پوزیشن پر آ گئے۔

اسی طرح بولنگ کے شعبے میں افغانستان کے راشد خان بدستور پہلی اور قومی ٹیم کے شاداب خان دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔

نیوزی لینڈ کے ایش سودھی تیسرے، بھارت کے یزوندرا چاہل چوتھے، انگلینڈ کے عادل راشد پانچویں اور پاکستان کے عماد وسیم دسویں پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔

ٹی ٹوئنٹی کے بہترین آل راؤنڈر کی فہرست میں آسٹریلیا کے گلین میکسویل سرفہرست ہیں جب کہ افغانستان کے محمد نبی دوسرے، بنگلا دیش کے شکیب الحسن تیسرے، جنوبی افریقا کے جے پی ڈومنی چوتھے اور ویسٹ انڈیز کے مارلن سیمولز پانچویں نمبر پر ہیں۔بہترین آل راؤنڈرز میں پاکستان کے شعیب ملک 12ویں اور محمد حفیظ 16ویں نمبر پر ہیں۔