مسجد حرام میں سعودی نوجوان صفائی کی ذمہ داری کس طرح انجام دیتے ہیں؟

مسجد حرام میں سعودی نوجوان صفائی کی ذمہ داری کس طرح انجام دیتے ہیں؟
کیپشن: تصاویر بشکریہ العربیہ اردو

مکہ مکرمہ :تمام مسلمانوں کی سب سے اہم اور بڑی عبادت گاہ مسجد حرام میں صفائی کی ذمّے دار انتظامیہ نے 85 سے زیادہ سعودی نوجوان تیار کیے ہیں جو مسجد حرام کے صحن، گزر گاہوں اور چھت کی صفائی کے لیے مخصوص جدید گاڑیوں کو چلانے اور ان کی دیکھ بھال و مرمت کا کام انجام دے رہے ہیں۔


سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق مذکورہ نوجوانوں کو ان خصوصی گاڑیوں کے استعمال کے حوالے سے مطالعاتی اور عملی تربیت کے کورسز مکمل کروائے گئے۔ علاوہ ازیں مسجد حرام میں آنے والے نمازیوں، معتمرین اور حجاج کرام کے ساتھ اچھے برتاو¿ کے لیے خصوصی آگاہی لیکچروں کا بھی انعقاد کیا گیا۔ صفائی کی گاڑیاں چلانے کے دوران لوگوں کی سلامتی کا خیال رکھنے کے لیے خصوصی ہدایات فراہم کی گئی ہیں۔


مسجد حرام میںکارپیٹنگ اینڈ کلینزنگ کے شعبے کے ڈائریکٹر نائف الجحدلی کے مطابق پرانی مشینوں کو نئی مشینوں سے تبدیل کر دیا گیا ہے جو مطاف کے صحن کی صفائی کے حوالے سے زیادہ فعّال ہونے کے ساتھ ساتھ جدید ٹکنالوجی کی حامل ہیں۔ اس سلسلے میں مسجد حرام کے فرشوں اور دیگر مقامات کی مطلوبہ صفائی انجام دینے کے لیے سعودی عملے کی تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے۔

الجحدلی نے واضح کیا کہ حرمین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی اس بات کے لیے کوشاں ہے کہ مسجد حرام کے اندر صفائی اور دھلائی کے لیے تمام تر آلات خود کار ہو جائیں تا کہ ہاتھ سے دھلائی کے طریقے سے بے نیاز ہوا جا سکے۔


دوسری جانب مسجد حرام میں گاڑیوں کے ذریعے صفائی انجام دینے والے سعودی نوجوانوں نے اس ذمّے داری اور خدمت کو اپنے لیے سعادت مندی اور بڑا اعزاز قرار دیا۔ ان نوجوانوں کا کہنا ہے کہ اللہ کے گھر کے اندر اللہ کے مہمانوں کے واسطے صفائی کا کام انجام دینا ان کے دلوں کو بہت راحت اور سکون پہنچاتا ہے۔اس سلسلے میں دھلائی کا پہلا مرحلہ صبح چھ بجے سے سوا سات بجے تک جاری رہتا ہے جب کہ دوسرا مرحلہ صبح نو بجے سے سوا دس تک انجام دیا جاتا ہے۔