شہبازشریف این آراو کی کوشش کررہے ہیں، وزیر ریلوے شیخ رشید

 شہبازشریف این آراو کی کوشش کررہے ہیں، وزیر ریلوے شیخ رشید

 اسلام آباد:وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہبازشریف این آراو کی کوشش کررہے ہیں، نواز شریف ڈپریشن کا شکارہیں، مولانا فضل الرحمان اسلام کا نام لیتے ہیں اور ان کی نظراسلام آباد پر ہے۔

تفصیلات کے مطابق  وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی نظراسلام آباد پر ہے لیکن وہ نام اسلام کا لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف ڈپریشن کا شکارہیں، شہبازشریف این آراوکی سر توڑ کوشش کررہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میری عمران خان سے پوری ہمدردی ہے ،اس کوبرے حالات میں حکومت ملی ہے،وزارت کا قلمدان سنبھالتے ہی ‘آرام حرام ہے کا سلوگن متعارف کرایا ۔

انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب نے پاکستان کو3 فیصد انٹرسٹ ریٹ پر قرض دیا ۔اس کے علاوہ سعودی عرب نے کوئی شرط عائد نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو ایک پیج پر نہیں ہیں،پیشگوئی کررہا ہوں کہ بلاول بھٹو اپنے والد آصف زرداری کی دسترس سے باہر نکل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ غریب جیل میں جاتا ہے تومرجاتا ہے،یہ پاکستان کا چور اورہمارا کرپٹ سیاستدان ہے جو جیلوں میں اولادیں بناتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے لوگ ابھی پہلی بار اقتدار میں آئے ہیں ،ان لوگوں نے 20سال جدوجہد کی ہے،سیاست میں بچے ہیں، پہلی بار اقتدار ملا ہے ہر کوئی چاہتا ہے مجھے یہ لگا دیا جائے وہ لگا دیا جائے لیکن سیکھ جائیں گے۔