پاک ترک عوام کے درمیان تعلقات تاریخی ہیں : صدر ڈاکٹر علوی

پاک ترک عوام کے درمیان تعلقات تاریخی ہیں : صدر ڈاکٹر علوی
کیپشن: image by facebook

استنبول:صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترک عوام کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات تاریخ پر مبنی ہیں۔استنبول میں ترکی کے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ تحریک خلافت سے اب تک پاکستان اور ترک عوام کے درمیان تعلقات مثالی ہیں۔ امن اور استحکام کے لئے دونوں ملکوں نے بے پناہ کاوشیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے ناسور نے بہت نقصان پہنچایا۔ پاکستان میں دہشت گردی کے باعث ستر ہزار سے زائد انسانی جانوں اور اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔ پاکستان اور ترکی نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں۔ دنیا کو پاکستان اور ترکی کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کوششوں کا اعتراف کرناچاہئے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لئے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں موجودہ حکومت کم آمدن والے افراد کے لئے پچاس لاکھ گھروں کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔

صدرمملکت نے کہا کہ ہاوسنگ کے شعبے میں ترکی کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان اور ترکی کے درمیان تعاون میں مزید اضافے کے لئے کاوشیں کرنا ہوں گی۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ترکی مسلم دنیا کا اہم ترین ملک ہے۔پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو۔