ملک میں جمہوریت کے لیے جمہوری اداروں کا استحکام ضروری ہے، سراج الحق

ملک میں جمہوریت کے لیے جمہوری اداروں کا استحکام ضروری ہے، سراج الحق
کیپشن: image by facebook

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کے لیے افراد کے بجائے اداروں کا استحکام ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وسطی پنجاب امیر العظیم کی قیادت میں وفد سے منصورہ میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، سراج الحق نے کہا کہ جمہوریت کی راہ میں اصل رکاوٹ سیاسی جماعتوں کے نام پر خاندانوں، لسانیت اور شخصیت کے گرد گھومنے والی جماعتیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آمریت کی سوچ والی جماعتوں نے جمہوریت کو نقصان پہنچایا، جمہوری استحکام کے لیے سیاسی جماعتوں میں جمہوریت لانا ہوگی، قومی یکجہتی کے لیے لسانی، گروہی تعصبات سے نکلنا ہوگا۔

سراج الحق نے کہا کہ باپ کے بعد بیٹا اور بیٹے کے بعد پوتا اور نواسا پارٹی سربراہ بن بیٹھتا ہے، جماعت اسلامی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس میں مضبوط جمہوری نظام قائم ہے۔ جماعت اسلامی میں مضبوط جمہوری عمل کے بعد پارٹی سربراہ چنا جاتا ہے، دو سال بعد ضلعی، تین سال بعد صوبائی اور پانچ سال بعد جماعت کے مرکزی امیر کا انتخاب ہوتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ انتخابی عمل میں حصہ لینے والی علاقائی، لسانی اور کسی خاص فرقہ کی نمائندہ جماعتوں کو اپنے اندر قومی سوچ کو پروان چڑھانا ہوگا۔سراج الحق نے کہا کہ اْئین پاکستان میں اسلامی دفعات تو شامل کی گئیں مگر ان پر عمل درآمد ایک خواب ہی رہا ہے، پاکستان کی اسلامی شناخت کو ختم کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔