سرکاری سطح پر درآمد کی جانے والی چینی پاکستان پہنچ گئی

Pakistan, Karachi, Sugar, Government, Sugar Price Increase
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: مہنگی چینی سے ستائی عوام کے لئے بڑی خوشخبری آ گئی۔ حکومت کی جانب سے درآمد کی جانے والی چینی پاکستان پہنچ گئی اور وزارتِ صنعت و پیداوار کے حکام کے مطابق جہاز 25 ہزار میٹرک ٹن چینی لے کر مصر سے پاکستان پہنچا ہے۔

پورٹ قاسم پر چینی کی آف لوڈنگ جاری ہے جبکہ چینی کا دوسرا جہاز 50 ہزار میٹرک ٹن چینی لے کر 30 اکتوبر کو پاکستان پہنچ رہا ہے۔ ٹرانسپورٹ چارجز اور ریٹیلرز منافع کے بعد اوپن مارکیٹ میں چینی 80 روپے کلو فروحت ہو گی۔

حکام کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی کی فی کلو قیمت 68 روپے برقرار رہے گی جبکہ اوپن مارکیٹ میں مجموعی درآمدی چینی کی اوسط قیمت 80 سے 83 روپے ہو گی۔

وزرات صنعت وپیدوار کے مطابق ٹی سی پی کی جانب سے درآمد کی گئی چینی آئندہ دو سے تین روز میں پنجاب اور یوٹیلٹی اسٹورز کو فراہم کی جائے گی۔ اس میں سے 5 ہزار میٹرک ٹن چینی یوٹیلٹی اسٹورز اور 20 ہزار ٹن پنجاب کو دی جائے گی۔پنجاب میں چینی کی سستے داموں فروخت ممکن بنانے کے لیے مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔

حکام کے مطابق 8 نومبر کو مزید 25 ہزار میٹرک ٹن چینی پاکستان پہنچ جائے گی۔ وزرات صنعت و پیدوار کے حکام کے مطابق مجموعی طور پر درآمدی چینی میں سے ایک لاکھ ٹن پنجاب حکومت کو دی جائے گی۔

یوٹیلٹی اسٹورز کو ابتدائی طور پر 25 ہزار میٹرک ٹن درآمدی چینی دی جائے گی اور مزید ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے یوٹیلٹی اسٹورز کے لیے درآمدی چینی کا کوٹہ بڑھا کر 50 ہزار میڑک ٹن تک کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔