جلد جنوبی بلوچستان کا دورہ کر کے جامع ترقیاتی پیکج کا اعلان کروں گا، وزیراعظم

PM,Imran Khan,South Balochistan,Development
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جلد جنوبی بلوچستان کا دورہ کر کے جامع ترقیاتی پیکج کا اعلان کروں گا۔ جنوبی بلوچستان گزشتہ ادوار میں نظر انداز رہا ہے لیکن ہماری حکومت نے بلوچستان کی ترقی کو اولین ترجیح دی ہے۔

وزیراعظم عمران خان ںے یہ بات اپنی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کہی۔ اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف، وفاقی وزرا اور معاونین خصوصی نے شرکت کی۔

وزیراعظم عمران خان نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کہا کہ جنوبی بلوچستان کو نظر انداز کیے جانے کی وجہ سے وہاں کے لوگوں کو غربت اور پسماندگی کا سامنا رہا ہے۔ اب یہ خطہ بھی دیگر علاقوں کی طرح ترقی کرے گا۔

انہوں نے گوادر بندرگاہ کو خاص اہمتی کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ گوادر ملکی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔

اجلاس میں جنوبی بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں جنوبی بلوچستان کے پسماندہ اضلاع کے لیے تجویز کردہ ترقیاتی پیکیج پر بھی بریفنگ دی گئی۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے بلوچستان کے جنوبی پسماندہ اور شورش زدہ علاقوں کی ترقی کے لیے خصوصی پیکیج دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ ابتدائی طور پر ’جنوبی بلوچستان‘ پیکیج کا تخمینہ تقریباً 200 ارب روپے لگایا گیا ہے۔

پیکج کے تحت 10 سے زائد شعبوں میں درجنوں بڑے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ تاہم بلوچستان کی قوم پرست جماعتوں نے پیکیج کے نام پر اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان منصوبوں کی آڑ میں صوبے کو انتظامی اور جغرافیائی طور پر تقسیم کرنے کے لیے راستہ ہموار کیا جا رہا ہے۔