ایاز صادق کو ان کے بیانیے کی وجہ سے کسی صورت بھی چھوٹ نہیں ملنی چاہیے، جلیل شرقپوری

Pakistan, Jaleel Sharaqpuri, PML(N), Ayaz Sadiq, Imran Khan
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل شرقپوری نے لیگی رہنماوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے شرمندگی کا اظہار کیا ۔ کہتے ہیں سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو ان کے بیانیے کی وجہ سے کسی صورت میں بھی چھوٹ نہیں ملنی چاہیے۔ جلیل شرقپوری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے مسلسل بیانات پر بھی شرمندگی ہے۔ نواز شریف سمیت تمام مسلم لیگیوں کو علاج کی ضرورت ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ اور کوئٹہ کے جلسوں میں جو بیانات دیے گئے وہ انتہائی تکلیف دہ ہیں۔ نواز شریف پر کرپشن الزامات کا معاملہ ان کا ذاتی ہے اور اس سے پارٹی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا ایسے بیانات نہیں دینے چاہئیں جس میں قومی اداروں کو نقصان پہنچایا جائے۔ میں نواز شریف سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا صرف آپ نے ہر مرتبہ وزیراعظم بننا ہے۔ کیا شہباز شریف یا دیگر کا وزیراعظم بننے کا حق نہیں ہے۔

پنجاب اسمبلی کے رکن اسمبلی جلیل شرقپوری نے کہا کہ نواز شریف اس وقت جسمانی اور ذہنی بیمار ہیں۔ نواز شریف کا بیانیہ ہے کہ ووٹ کو عزت دو تو پھر اس پر وہ عمل بھی کریں۔

انہوں نے کہا کہ اکثریت نے عمران خان کو ووٹ دیا ہے لہذا اب ان کے مینڈیٹ کا احترام کریں کیونکہ عمران خان نے ریاست مدینہ کا نعرہ لگایا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے نعرے میں سچے ہوں گے لیکن ان کے ارد گرد موجود افراد ریاست مدینہ کے نعرے کو نہیں سمجھ سکتے ہیں۔

جلیل شرقپوری نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا کہ پہلے ایسی ٹیم بنائیں جسے ریاست مدینہ کا علم ہو۔