عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں ایک بار پھر گراوٹ کا شکار

oil price down,international market,
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: عالمی وبا کی دوسری لہر میں آنے والی شدت کے پیش نظر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں پانچ فیصد تک گر گئی ہیں۔ اس بات کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ دنیا میں ایک مرتبہ پھر لاک ڈاؤن کیا جا سکتا ہے جس کی وجہ سے تیل کی مانگ بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔

دنیا کے مختلف ممالک اس وقت وبا کے سبب لاک ڈاؤن کے مختلف مراحل سے گزرر ہے ہیں جب کہ فرانس میں صدر نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے جمعہ کے دن سے لاک ڈاؤن کے نفاذ کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ 

عالمی مارکیٹ میں کاروبار کے دوران امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹر میڈیٹ کی قیمتوں میں 5.75 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ عالمی مارکیٹ کے مطابق دسمبر 2020 میں فراہمی کے لیے امریکی خام تیل 35.24 ڈالرز فی بیرل پر فروخت ہوا ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 5.42 فیصد کمی کے بعد 37 ڈالرز فی بیرل پر پہنچ گئی ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال جب دنیا بھر میں وبا پوری شدت سے پھیل رہا تھا اور مختلف طریقہ کار سے لاک ڈاؤن کیا گیا تھا تو اس وقت عالمی مارکیٹ میں تیل کی طلب اس قدر کم ہو گئی تھی کہ ایک وقت ایسا بھی آیا تھا کہ امریکی خام تیل کی قیمت منفی میں چلی گئی تھی۔