امریکا نے ترکی پر سخت پابندیاں لگانے کا عندیہ دیدیا

America, Trump, ban, Turkey, Tayyip Erdogan
کیپشن: فائل فوٹو

نیویارک: ترکی کی جانب سے روسی ساختہ فضائی اور دفاعی نظام کا تجربہ امریکا کو کھٹکنے لگا، امریکا نے ترکی پر سخت پابندیاں لگانے کا عندیہ دے دیا۔

امریکی وزارت خارجہ کے سینئر افسر کلارک کوپر کے مطابق ترکی پر امریکی پابندیوں کی تجویز قابل عمل دکھائی دے رہی، کوپر کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال ترکی کو روسی ساختہ نظام سے متعلق تحفظات سے آگاہ کیا گیا تھا۔

حال ہی میں ترک صدر رجب طیب اردوان نے بیان دیا تھا کہ ترکی نے 16 اکتوبر کو روسی فضائی دفاعی نظام کا تجربہ کیا ہے۔ ترکی نے روس سے حاصل کیے جدید ایس 400 میزائل کا تجربہ کرکے امریکا کو آگ بگولہ کر دیا تھا۔

میزائل تجربے سے پہلے ترکی کی حکومت نے ساحلی علاقے پر غیر ضروری اقدامات پر پابندی کے لئے نوٹسز جاری کیے تھے تاکہ تجربے کا عمل ٹھیک طرح سے جاری رہے۔

اس سے قبل لیبیا میں فوجی مداخلت، مشرقی بحیرہ روم میں قدرتی وسائل کی تلاش کی وجہ سے پڑوسی اور یورپی ممالک کے ساتھ تنازعات اور آرمینیا اور آذر بائیجان کے درمیان جاری لڑائی میں قراباغ میں جنگجو بھیجنے پر ترکی سخت تنقید کا نشانہ بنا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ ترک وزارت دفاع نے بحر اسود کی فضا میں ایک میزائل داغا۔ میزائل داغے جانے کے بعد اس کے نتیجے میں اٹھنے والا دھواں عمودی حالت میں دیکھا جاسکتا ہے۔ خبر ہے کہ یہ میزائل روس کے 'ایس 400' دفاعی نظام کے تجربے کا حصہ ہے۔

میزائل تجربے کی ویڈیو ساحلی شہر سینوب میں بنائی گئی۔

حالیہ ایام میں ترکی نے ساحلی علاقے میں جہاز رانی اور فضائی آمد ورفت کے حوالے سے ایک الرٹ جاری کیا تھا۔

روس سے حاصل کردہ 'ایس 400' دفاعی نظام پر ترکی اور امریکا کے درمیان سخت کشیدگی رہی ہے۔ امریکا کا کہنا ہے کہ نیٹو کے کسی رکن ملک کا روس سے جدید ترین اسلحہ خریدنا نیٹو کے رکن ممالک کے لیے خطرہ ہے۔