پاک زمبابوے سیریز کیلئے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا گیا

commentary-panel-for-pak-zimbabwe-series-announced
Courtesy: Pakistan Cricket Board

لاہور: پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم وسیم اکرم صرف ٹی ٹونٹی سیریز میں کمنٹری کریں گے جبکہ عروج ممتاز صرف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے دوران کھیل پر تبصرہ کریں گی۔ پینل میں معروف انگلش کمنٹیٹر ایلکن ولکنز، رمیز راجہ، بازید خان اور زمبابوے کے سابق کھلاڑی ٹینو موائیو کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ، ٹاور سپورٹس اور سپورٹس ورکس کے اشتراک سے ایونٹ کی ایچ ڈی پروڈکشن خود کرے گا۔ ایونٹ کی ایچ ڈی کوریج کے دوران 18 کیمروں کا استعمال کیا جائے گا۔ آئی سی سی قوانین کے تحت سیریز کے دوران ڈی آر ایس کی سہولت بھی میسر ہوگی۔

سیریز کا پہلا میچ بروز جمعہ مورخہ 30 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی وقت کے مطابق یہ میچ دوپہر 12 بجے شروع ہوگا۔ پاکستانی ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شاداب خان (نائب کپتان) عبداللہ شفیق، عابد علی، فہیم اشرف، فخر زمان، حیدر علی، حارث رﺅف، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان، محمد موسیٰ اور روحیل نذیر شامل ہیں۔

زمبابوے کی قیادت کے فرائض چامو چیبھابھا انجام دیں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں برینڈن ٹیلر، شان ولیمز، سکندر رضا، ویلنگٹن ماساکڈزا، ایلٹن چگمبورا، برائن چاری، رائن برل، ٹینڈائی چسرو، ٹینڈائی چترا، کریگ ارون، فراز اکرم، تناشے کامو، کارل مومبا، رچمونڈ موتم بمی، ویسلے مدھویری، بلیسنگ موزرابانی، رچرڈ نگروا اور ملٹن شومبا شامل ہیں۔