ملک بھر میں عالمی وبا کے وار تیز، حکومت پریشان

Pandemic, second wave, Pakistan, NCOC, cases
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: ملک بھر میں عالمی وبا کے وار تیز، 24 گھنٹوں کے دوران مزید 16 افراد جان سے گئے، جس کے بعد مجموعی طور پر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہزار 775 ہوگئی، مزید 908 کیسز رپورٹ۔

این سی او سی کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق تین لاکھ اکتیس ہزار 108 افراد وبا سے متاثر ہیں جبکہ تین لاکھ بارہ ہزار 638 وبا کو شکست دے کر صحتیاب ہوچکے ہیں۔

خیال رہے کہ پوری دنیا میں عالمی وبا کی دوسری لہر کے پیش نظر حکومت پاکستان نے نیا حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے مطابق گھروں سے باہر نکلنے پر عوام کو ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے گھروں سے باہر نکلنے پر ماسک کا استعمال لازمی قرار دیدیا ہے۔ اب بازاروں اور شاپنگ مال وغیرہ میں بھی ماسک کا استعمال لازم ہو گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس وقت عالمی وبا کی دوسری لہر شروع ہو چکی ہے اور اس سے نمٹنے کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد ضروری ہے اور یومیہ تعداد 400 سے بڑھ کر 700 ہو چکی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ زیادہ وبا والے علاقوں میں کاروباری اوقات میں کمی کی تجویز زیر غور ہے اور مجبوراً حکومت کو سخت اقدامات اٹھانا پڑ رہے ہیں اور جن علاقوں میں وبا کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے وہاں پابندیاں بڑھائی جا رہی ہیں۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ این سی او سی میں صورت حال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وبا سے متعلق ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔