عمرہ زائرین کو تین دن تک قرنطینہ میں رہنا ہوگا، سعودی حکام کی ایڈوائزی

saudi-officials-suggest-that-umrah-pilgrims-be-quarantined-for-three-days
کیپشن: FILE PHOTO

ریاض: سعودی حکام نے کہا ہے کہ پاکستان اور دیگر ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین کو تین روز کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ اس سلسلے میں تمام ملکوں کو ایڈوائزی جاری کر دی گئی ہے۔

اس حوالے سے سعودی نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں سے سعودی عرب پہنچنے والے عمرہ زائرین کورونا وائرس سے بچاوٴ پروگرام کے تحت چار مرحلوں سے گزریں گے۔

انہوں نے کہا مملکت پہنچنے پر انہیں تین دن تک میڈیکل آئسولیشن میں رکھا جائے گا۔ اس کے بعد ہی وہ عمرہ کرسکیں گےمکہ مکرمہ میں عمرہ زائرین کی رہائش کے لیے سینکڑوں ہوٹل مختص کر دیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے مشتبہ مریضوں کے لیے ہوٹلوں میں 10 فیصد کمرے مخصوص کر دیئے گئے ہیں۔ عمرہ کے لیے آنے والے تمام افراد کی انشورنس بھی ہو گی، جس کے تحت انہیں کسی بیماری یا کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی صورت میں علاج معالجے کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی۔ سعودی حکومت کی جانب سے یکم نومبر سے پاکستانیوں کے لیے ویزہ درخواستیں موصول کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔