عبدالقدوس بزنجو بلامقابلہ وزیر اعلیٰ بلوچستان منتخب،حلف بھی اٹھا لیا

عبدالقدوس بزنجو بلامقابلہ وزیر اعلیٰ بلوچستان منتخب،حلف بھی اٹھا لیا
سورس: فائل فوٹو

کوئٹہ : سابق سپیکربلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو بلامقابلہ وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے ہیں ۔وہ دوسری مرتبہ بلوچستان کے وزیراعلیٰ بنے ہیں۔ انہوں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔

نیو نیوز کے مطابق ڈپٹی سیپکر سردار بابر خان موسی خیل کی زیرِ صدارت ہونے والے صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں 65 میں سے 39 اراکین موجود تھے اور ان تمام اراکین نے عبدالقدوس بزنجو کے حق میں ووٹ ڈالا۔

نو منتخب وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا تعلق بلوچستان کے علاقے آواران سے ہے۔ وہ ضلع آواران کے علاقے جھاؤ میں معروف سیاسی اور سماجی رہنما میر عبدالمجید بزنجو کے ہاں پیدا ہوئے۔

انھوں نے ابتدائی تعلیم جھاؤ میں اپنے گاؤں شنڈی کےسرکاری سکول سے حاصل کی جبکہ میٹرک اور ایف ایس سی کی تعلیم کوئٹہ کے مختلف تعلیمی اداروں سے مکمل کی۔ یونیورسٹی آف بلوچستان سے گریجویشن کے بعد انھوں نے نمل یونیورسٹی اسلام آباد سے انگلش لینگویج میں ڈپلومہ کیا۔

  

عبدالقدوس بزنجو نے سیاست کا آغاز سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے دور میں بلدیاتی انتخابات سے کیا لیکن ایک ووٹ کے باعث وہ ضلعی ناظم نہیں بن سکے تھے۔ آج بلوچستان اسمبلی میں میر عبدالقدوس بزنجو 39 ووٹ لیکر دوسری مرتبہ وزیر اعلیٰ بلوچستان منتخب ہوئے ہیں وزیر اعلی بلوچستان کے اس انتخابی عمل میں میر عبدالقدوس بزنجو واحد امیدوار تھے اسمبلی اجلاس میں بی این پی ،

جے یو آئی ‘ پشتونخوامیپ کے اراکین اور آزاد رکن نواب اسلم رئیسانی نے شرکت نہیں کی جبکہ نواب ثنا اللہ زہری نے میر عبدالقدوس بزنجو کو ووٹ دیا اس سے قبل 2018 میں بھی میر عبدالقدوس بزنجو 39 ووٹ حاصل کرکے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے تھے