ملک سے کرپشن کے خاتمہ کے لیے نیب کا کردار انتہائی اہم ہے،سینیٹر سراج الحق

ملک سے کرپشن کے خاتمہ کے لیے نیب کا کردار انتہائی اہم ہے،سینیٹر سراج الحق

لاہور:  امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ نیب کو راہ راست پر لانے اور عوام میں اس اہم ادارے کے اعتماد کو بحال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام جماعتیں کسی ایسے فرد کو چیئرمین نیب مقرر کریں جس کی دیانتداری ہر قسم کے شک و شبہہ سے بالاہو ۔ موجودہ حالات میں نیب کی ذمہ داری دو چند ہوگئی ہے اور امید ہے کہ آنے والے دنوں میں نیب کو مزید سینکڑوں ایسے کیسز نپٹانا پڑیں گے جن کی فائلیں بھی دھول میں دب چکی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب ثمر باغ دیر میں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک سے کرپشن کے خاتمہ اور کرپٹ ٹولے سے نجات کے لیے نیب کا کردار انتہائی اہم ہے ۔ موجودہ نیب پر سپریم کورٹ سمیت تقریباً سبھی اداروں نے اپنی بے اعتمادی کا اظہار کیاہے اور عدالت تو نیب کو کرپشن کا’’ سہولت کار‘‘ تک قرار دے چکی ہے ۔ نیب کی سستی کی وجہ سے کرپشن کے سینکڑوں میگا سکینڈلز فائلوں میں دبے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والا وقت ملکی معیشت کی بہتری اور جمہوریت کے استحکام کا ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ عوام اب کسی کرپٹ اور بد دیانت حکمران کو برداشت نہیں کریں گے ۔ جماعت اسلامی کی کرپشن فری تحریک نے قوم کو شعور دیا ہے ۔ ملک کے گلی کوچوں ، اقتدار کے ایوانوں اور ملک کی اعلیٰ ترین عدالتوں میں کرپشن کے خلاف بات ہورہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری تحریک کی کامیابی سامنے کی بات ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ 80 ء کی دہائی میں پاکستان نے روسی استعمار کے مقابلے میں افغان عوام کا ساتھ دے کر پاکستان کی سا لمیت کا تحفظ کیا اور اپنی سرحدوں کو محفوظ بنایا ۔ مغربی طاقتوں نے افغانوں کو آپس میں لڑا کر افغانستان کو تباہی کے راستے پر ڈالا ۔

انہوں نے کہاکہ پرامن پاکستان کے لیے پرامن افغانستان ضروری ہے ۔ تین عشروں بعد پاکستان کی عظیم قربانیوں پر پشیمانی افسوس ناک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس مسئلہ پر اپوزیشن کا تقسیم ہونا حکومتی مفاد میں ہے۔

مصنف کے بارے میں