سنسنی خیز مقابلے میں بنگلہ دیش کو شکست،بھارت 3 وکٹ سے ایشیا کپ کا چیمپئن بن گیا

سنسنی خیز مقابلے میں بنگلہ دیش کو شکست،بھارت 3 وکٹ سے ایشیا کپ کا چیمپئن بن گیا
کیپشن: تصویر بشکریہ اے ایف پی

دبئی: سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت 3 وکٹ سے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا چیمپئن بن گیا ۔

تفصیلات کے مطابق دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کی جانب سے دیا گیا 223 رنز کا ہدف بھارت نے 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ کی آخری گیند پر ہدف حاصل کیا اور ساتویں مرتبہ ایشیا کا چیمپئن بن گیا۔

بھارت کی جانب سے روہت شرما 48، دنیش کارتک 37 اور ایم ایس دھونی 36 رنز بنا کر نمایاں رہے۔بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی تو لٹن داس اور مہدی حسن میراز نے اننگز کا آغاز کیا۔بنگلہ دیشی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 120 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا اور مہدی حسن میراز 32 رنز بنا کر کیدار جادھو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ایک طرف وکٹیں گرنے کا سلسہ جاری رہا لیکن دوسری جانب لٹن داس ذمہ دارانہ طریقے سے اپنی ٹیم کا سکور آگے بڑھاتے گئے اور انہوں نے 121 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔


بنگلہ دیش کی جانب سے سومیا سرکار نے 33 رنز سکور کیے جب کہ 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے اور پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 222 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 3 اور کیدار جادھو نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک ایک وکٹ جسپریت بھمراہ اور چاہل کے حصے میں آئی۔


بھارت افغانستان اور بنگلہ دیش پاکستان کو شکست دے کر فائنل میں پہنچا تھا جبکہ ایونٹ میں بھارتی ٹیم ناقابل شکست رہی، بھارت اور افغانستان کا سپر فور مرحلے کا میچ ٹائی ہوا تھا۔بھارت نے ایشیا کپ میں اپنے تمام میچز دبئی میں ہی کھیلے جبکہ دیگر ٹیمیں دبئی اور ابوظہبی میں میچز کھیلتی رہیں۔اس معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعتراض بھی اٹھایا تھا۔


خیال رہے کہ دونوں ٹیمیں مسلسل دوسری مرتبہ ایشیا کپ فائنل میں مدمقابل تھیں، 2016 کے فائنل میں بھارت نے باآسانی بنگال ٹائیگرز کو شکست دی تھی تاہم وہ ٹورنامنٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تحت کھیلا گیا تھا۔