بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سوار کو پیٹرول نہ دیا جائے

بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سوار کو پیٹرول نہ دیا جائے
کیپشن: فوٹو سوشل میڈیا

لاہور :َموٹرسائیکل سواروں کوبغیرہیلمٹ پیٹرول نہ دینے کے مطالبے کی قراردادپنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ، قراردادپی ٹی آئی کے منیب سلطان چیمہ نے جمع کرائی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی منیب سلطان چیمہ نے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرائی کہ ایسے موٹر سائیکل سوار جو ہیلمٹ نہیں پہنتے انہیں پیٹرول پمپ پر پیٹرول نہ دیا جائے ۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ موٹر سائیکل سواروں کو حکومتی اقدامات کے مطابق ہیلمٹ پہننا ضروری ہے کیونکہ حکومت عوام کی جان و مال کی حفاظت کیلئے ان اقدامات کو یقینی بنانا چاہتی ہے اس لئے یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ حکومت احکامات جاری کرے کہ پمپ مالکان ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل کو پیٹرول نہ دیں اور اس حوالے سے قانون سازی بھی کی جائے ۔

قرارداد میں کہا گیا کہ بنگلہ دیش میں قانون موجود ہے کہ وہاں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کو پیٹرول نہیں دیا جاتا، یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ پیٹرول پمپ مالکان کو احکامات جاری کرے کہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سوار کو پیٹرول نہ دیں جبکہ جو پیٹرول پمپ مالکان اس کی خلاف ورزی کریں ان کو بھاری جرمانے عائد کیے جائیں۔

خیال رہے کہ اس قبل لاہور ہائیکورٹ نے 23 ستمبر سے بغیرہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والوں کوجرمانے کاحکم دے دیاتھا ہیلمٹ نہ پہننے والوں کوایک ہزارروپے جرمانہ کیاجائےگا۔