تھر کے بچے خوراک کی کمی سے نہیں مرتے، قائم علی شاہ

تھر کے بچے خوراک کی کمی سے نہیں مرتے، قائم علی شاہ
کیپشن: image by facebook

کراچی: سابق وزیراعلیٰ سندھ اور پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ تھر میں بچے خوراک کی کمی سے نہیں مرتے۔

تفصیلات کے مطابق آغا سراج درانی کی سربراہی میں سندھ اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اپوزیشن اراکین نے حکومت کی ناقص کارکردگی کو اجاگر کیا اور تقاریر کیں۔

تحریک انصاف کے رکن پارلیمنٹ حلیم عادل شیخ نے سندھ حکومت کی کارکردگی کو آڑے ہاتھوں لیا , اس دوران دلچسپ صورتحال اُس وقت پیدا ہوئی جب سابق وزیر اعلیٰ سندھ نے بات کرنے کے لیے مائیک تھاما، قائم علی شاہ نے  انوکھا انداز اختیار کرتے ہوئے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال کا شعر تو پڑھا مگر وہ بھول گئے اور اس میں بلاول بھٹو کا نام شامل کیا۔

انہوں نے حلیم عادل شیخ کے نام پر دلچسپ تبصرہ کیا تو اسپیکر اسمبلی سمیت ایوان میں موجود تمام اراکین ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہوگئے۔

بعد ازاں انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ تھر کے بچے خوراک کی کمی سے نہیں مرتے بلکہ وہاں کی خواتین ناخواندہ ہیں۔

قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ تھرکول منصوبہ بینظیر بھٹو نےشروع کیاتھا اگر اُس کو بند نہیں کیا جاتا تو سندھ سمیت پورے ملک کو فائدہ ہوتا اور لوڈشیڈنگ نہیں ہوتی۔