انڈونیشیا میں زلزلے اور سیلاب نے تباہی مچادی،384 افراد ہلاک

انڈونیشیا میں زلزلے اور سیلاب نے تباہی مچادی،384 افراد ہلاک
کیپشن: image by facebook

جکارتہ : انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی اور شہر پالو میں شدید نوعیت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، زلزلے اور سونامی کے نتیجے میں 384 افراد ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی اور شہر پالو میں زلزلے اور سونامی کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 384 ہوگئی ہے جبکہ زلزلے کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور 350 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ آفٹر شاکس کے بعد سونامی کی 10 فٹ لہروں نے شہر میں تباہی مچادی جس کے باعث شہر میں درجنوں عمارتیں زمین بوس ہوگئیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.5 ریکارڈ کی گئی ہے، امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ زیر زمین 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا جس کے نتیجے میں سونامی کی 10 فٹ لہریں پیدا ہوئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ زلزلے اور سیلاب کے نتیجے میں کئی افراد لاپتہ بھی ہیں جبکہ بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوچکی ہے۔

یاد رہے کہ انڈونیشیا کے سیاحتی جزیرے لومبوک میں زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 347 ہوگئی ہے جبکہ زلزلے کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور سینکڑوں افراد زخمی ہیں۔