وارم اپ میچ :پہلے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان اے کے آسٹریلیا کیخلاف 6وکٹوں پر 247 رنز

وارم اپ میچ :پہلے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان اے کے آسٹریلیا کیخلاف 6وکٹوں پر 247 رنز
کیپشن: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 7 اکتوبر کو کھیلا جائے گا ، فوٹو پی سی بی ٹوئٹر

دبئی : پاکستان اے کے خلاف پریکٹس میچ میں آسٹریلین اسپنر نیتھن لایون نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کر کے قومی ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے جبکہ عابد علی کی عمدہ اننگز کی بدولت پاکستان اے ٹیم نے اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔

دبئی کی آئی سی سی اکیڈمی میں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں پاکستان اے کے کپتان اسد شفیق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 24کے مجموعے پر اوپنر شان مسعود پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد سمیع اسلم کا ساتھ دینے عابد علی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 82رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی البتہ لایون نے ایک مرتبہ پھر آسٹریلیا کو کامیابی دلاتے ہوئے 51 رنز بنانے والے سمیع اسلم کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

3d2e8f0e60574c2dc9a7df00247e9eb9

اسد شفیق کچھ خاص تاثر چھوڑنے میں ناکام رہے اور صرف رنز بنانے کے بعد جون ہولینڈ کی وکٹ بنے جبکہ افتخار احمد چار اور عثمان صلاح الدین صرف ایک رن بنا کر لایون کو وکٹ دے بیٹھے۔149رنز پر آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد عابد کا ساتھ دینے سعد علی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کے لیے 75رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا، سعد 36رنز بنانے کے بعد لایون کی اننگز میں پانچویں وکٹ بنے۔

جب چار روزہ میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان اے نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 247رنز بنائے تھے، عابد 83رنز کی شاندار اننگز کھیل کر وکٹ پر موجود ہیں جبکہ محمد رضوان 13رنز بنا کر ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں۔آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لایون نے پانچ وکٹیں لے کر ٹیسٹ میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے جبکہ ہولینڈ نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ سات اکتوبر سے دبئی میں کھیلا جائے گا۔